جموں //نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے محکمہ مکانات و شہری ترقی کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ جموں شہر کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اسے ملک کا ایک مثالی شہر بنانے کے لئے ہر طرح بنیادی سہولیات دستیاب رکھیں۔نائب وزیراعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 79ویں اور سٹیٹ اربن ڈیولپمنٹ ایجنسی کی چھٹی گورننگ باڈی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے وی سی جے ڈی اے سے کہا کہ وہ توی رور فرنٹ اور مہاراجہ ہری سنگھ میموریل پارک جیسے پروجیکٹوں میں تیزی لائیں تاکہ انہیں مقررہ مدت کے اندر اندر مکمل کیا جاسکے۔انہوںنے جے ڈی اے کی مختلف کالونیوں میں پارکیں اور پاتھ ویز تعمیر کرنے کے کام میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی ۔انہوں نے جنرل بس سٹینڈ کی جدید کاری اور وہاں کثیر رخی کار پارکنگ کم کمرشل کمپلیکس کی تیز تر عمل آوری کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔نائب وزیر اعلیٰ نے ریاست کے شہری علاقوں میں بڑھتی آبادی کے لئے اقامتی سہولیات بہم رکھنے کے لئے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے جے ڈی اے سے کہا کہ وہ ہاوسنگ کالونیاں دستیاب کرانے کے لئے لازمی اقدامات اٹھائے ۔ایس یو ڈی اے کی گورننگ باڈی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ایجنسی کی طرف سے عملائی جارہے مختلف پروگراموں کی عمل آور ی میں تیزی لائیں ۔انہوںنے کہا ان پروگراموں میں روزگار کافی وسائل موجود ہیں۔انہوں نے ایس یو ایچ کے تحت ہو رہے کام میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی۔کمشنر سیکرٹری مکانات وشہری ترقی ہردیشن کمار ، ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹرمندیپ بھنڈاری ، وی سی جے ڈی اے مبارک سنگھ اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔