کولکاتہ// سرنگا لکمل (26 رن پر چار وکٹ) اور لاہیرو گماگے (59 رن پر دو وکٹ) کی زبردست گیندبازی کی بدولت ایڈن گارڈن میچ کے تیسرے روز ہندستانی کرکٹ ٹیم کو پہلی اننگز 172 رن کے معمولی اسکور پر لآل آؤٹ کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگز میں چاروکٹ پر 165 رن بنالئے ہیں۔ ہندستان میں اپنی پہلی فتح کی تلاش میں سری لنکا نے اس طرح پہلے ٹسٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے ۔ سری لنکا ابھی ہندستان کے اسکور سے 7 رن پیچھے ہے ۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو تریمانے نے 51 اور سابق کپتان اینجیلو میتھیو نے 52 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ دونوں نے تیسرے وکٹ کے لئے 99 رن بنائے ۔ تیز گیند باز امیش یادو نے ان دونوں کھلاڑیوں کو لگاتار دو اوروں میں آؤٹ کرکے ہندستان کو مقابلے میں کچھ حد تک واپس لیا۔ ورنہ ایک وقت سری لنکا دو وکٹ پر 133 رن کے ساتھ بے حد مضبوط پوزیشن میں نظر آرہا تھا۔تریمانے نے 94 گیندوں پر 51 رن میں 8 چوکے لگائے جبکہ میتھیو نے 94 گیندوں پر 52 رن بنائے جس میں انہوں نے 8 چوکے لگائے ۔ اس سے قبل تیز گیند باز بھونیشور کمار نے سری لنکا کے 34 رن تک اس کے دونوں سلامی بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔ بھونیشور نے کرونارتنے (8) کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر سدیرا سمروکرما (23) کو وکٹ کیپر ساہا کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کھیل ختم ہونے تک کپتان چانڈی مل 13 اور وکٹ کیپر نیروشن ڈکویلا 14 رن بناکر کریز پر تھے ۔ بھونیشور نے 49 رن پر دو وکٹ اور امیش یادو نے 50 رن دے کر دو وکٹ لئے ۔ بارش سے متاثر رہے اس میچ میں ہندستانی ٹیم کے واحد بلے باز چتیشور پجارا (52) نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے ۔سری لنکا کی ٹیم کی جانب سے لکمل سب سے زیادہ کامیاب رہے جنہوں نے 19 اووروں میں 1.36 کے اکونومي ریٹ سے صرف 26 رن دے کرہندستان چار اہم وکٹ لے لئے ۔