سرینگر+پونچھ// وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے برف باری کا سلسلہ ہفتہ کو مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا جبکہ میدانی علاقوں میں ہفتہ کو شدید بارش ہوئی جس کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں غیرمعمولی گراوٹ دیکھی گئی۔ ریاست میں خطہ لداخ کا لیہہ بدستور سرد ترین مقام بنا ہوا ہے جہاں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دوسرے مقام پر اسی خطہ کا کرگل بنا ہوا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں وقفہ وقفہ سے برف باری کا سلسلہ ہفتہ کو مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا۔ گلمرگ کے اوپری بلندیوں پر برف باری کا سلسلہ تین دنوں سے جاری ہے۔ گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے ہفتہ کی صبح سے جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 2 اعشاریہ 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ وہاں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی صفر اعشاریہ 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم پہلگام کے بالائی حصوں بشمول چندن واڑی، شیش ناگ، مہاگنس، پسو ٹاپ اور پنج ترنی میں درمیانہ درجے کی برف باری ہوئی ہے۔ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں بھی ہفتہ کی صبح تازہ برف باری ہوئی ہے۔ امرناتھ یاترا کے بال تل بیس کیمپ میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج یعنی 19نومبر سے موسم میں بہتری آنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محتار احمد نے بتایا کہ محکمہ نے پہلے سے ہی پیشگوئی کی تھی کہ 14اور15کی درمیانی رات کو وادی میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا اور اگلے کئی دنوں تک جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ 19نومبر یعنی آج سے موسم میں بہتری آئے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ موسم کے خشک ہونے کے ساتھ ہی درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے نیچے جانے کا امکان ہے ۔ٹنگمرگ سے مشتاق الحسن نے اطلاع دی ہے کہ کل شام 7 بجے تک افروٹ پہاڑی پر1 فٹ ،بابا ریشی میں 4 انچ، ٹنگمرگ میں 2 انچ تازہ برف باری ہوئی۔کپوارہ سے اشرف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ نستہ ژھن گلی ( سادھنا ٹاپ )پر بھاری برف باری ہونے کے نتیجے میں چوکی بل کر ناہ سڑک کو احتیاطی طور بند کیا گیا تھا لیکن بعد میں سڑک کو گا ڑیو ں کی آ مد و رفت کے لئے کھول دیا گیا ۔نستہ ژھن گلی ( سادھنا ٹاپ ) پر 12انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔اس دوران فرکیاں ٹاپ پر6اور زیڈ گلی مژھل پر 4انچ برف جمع ہونے کی اطلاع ہے تاہم دونو ں سرحدی علاقوں کی سڑکیں گا ڑیو ں کی آ مد و رفت کے لئے کھلی تھیں ۔ادھر ضلع کے بنگس وادی میں بھی بھاری برف باری ہونے کی اطلاع مو صول ہوئی ہے ۔ضلع کے میدانی علاقوں میں اگر چہ موسلا دار بارشو ں کا سلسلہ ہفتہ کو دن بھر جاری رہا تاہم بالائی علاقوں جن میں چوکی بل ،تمنہ ،درد پورہ ،راشن پورہ ،کاچہامہ ،فرکن ،وارسن گجران،گزریال ،زرہامہ ،،منون ،ورنو ،لچھم پورہ اور دیگر علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ۔کنگن سے غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ سرینگر لہہ شاہراہ پر کل یکطرفہ ٹریفک کے لئے بحال ہوا اور دراس سے سرینگرکی طرف چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کو روانہ کیا گیا ۔ 434کلو میٹر سرینگر لداخ شاہراہ پرشیطانی نالہ اور زوجیلا کے چند ایک مقامات پر سڑک پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے گاڑیوںکو چلنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔سنیچرکو بھی سونہ مرگ زوجیلا اور دراس میں وقفے وقفے سے ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔دریں اثناء بعد دوپہر سے تحصیل گنڈ کے گنڈ ، کلن، گگن گیر، سونہ مرگ، نارا ناگ، تھاجواس میں ہلکی برفباری دوبارہ شروع ہوئی۔ پونچھ سے جا وید اقبال نے اطلاع دی ہے کہ خطہ پیر پنجا ل کو وادی کشمیر سے ملا نے والی واحدمغل شاہراہ تا زہ بر فبا ری ہونے کی وجہ سے گا ڑیو ں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ہے البتہ محکمہ میکینکل کے افسر ان نے سڑک کو بحال کرنے کیلئے مشینیں لگاکر برف ہٹانے کاکام شروع کردیاہے ۔محکمہ میکینکل کے ایک اعلی افسر نے کہا کہ سڑ ک 25کلو میٹر سے آگے بند ہے اور برفباری ایک فٹ سے زیادہ ہوئی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ مشینیں لگاکر برف ہٹانے کاکام شروع کیاگیاہے اور جونہی کام مکمل ہوگاتو گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی جائے گی ۔