جموں //64 ویں کواپریٹو ہفتہ کے سلسلے میں کواپریٹو محکمہ نے جموں وکشمیر کواپریٹو سپلائی اور مارکیٹنگ فیڈریشن لمٹیڈ نے پبلک پرائیویٹ کواپریٹوز پارڑنر شِپ کے تحت ایک تقریب کا اہتمام کیا۔کواپریٹو اور امور لداخ کے وزیر چھرینگ دورجے نے اس موقعہ پر کہا کہ کواپریٹو تحریک کے لئے پبلک پرائیویٹ اشتراک انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر نے اپنے عزم کو دہرایا جس کے تحت حکومت کواپریٹو تحریک میں نئی روح پھونکنے اور اسے مضبوط تر بنانے کی کوششیں کر رہی ہے اور جس کی بدولت ریاست میں ترقی اور خوشحالی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو کواپریٹو بنکوں کو متحرک کرنے اور فعال کرنے میں خاص دلچسپی ہے اور ان بنکوں کی کیپٹل انفیوزن کا معاملہ پہلے ہی فائنانس محکمہ کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے۔سیکرٹری کواپریٹو بشیر احمد بٹ نے اس موقعہ پر خطاب کیا اور کہا کہ کواپریٹو ایک بھروسہ مند آرگنائزیشن ہونے کی وجہ سے لوگوں کو اُن کی دہلیز پر انہیں مختلف سہولیات فراہم کر رہا ہے۔رجسٹرار کواپریٹو پیرزادہ حفیظ اللہ شاہ نے جیکفیڈ کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی ایمانداری سے انجام دیں تا کہ خوشحالی کا مشن آگے بڑھایا جاسکے۔وائس چئیرمین جیکفیڈ منیش شرما، ایم ڈی جیکفیڈ دیپکہ، چیئرمین جے اینڈ کے کواپریٹو یونین کے علاوہ دیگر متعلقین بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔