جموںّ//سرزمینِ ہند کی عالمگیر شخصیات کے یوُمِ ولادت کے سِلسِلے میں خصوصی موقعوں کی منُاسبت سے منعقد کی جانے والی تقریبات کے مدِّنظر ریاست کی معروُف کثیر اللسانی ادبی تنظیٖم ادبی کُنج جے اینڈ کے جموّں کے زیر اہتمام اِس کے ادبی مرکز کِڈذی سکوُل تالاب تِلّو جموّںمیں ایک مِلی جُلی ادبی خراجِ عقیدت نِشست کا انعقاد ہوُا۔ جِس میںجمّوں اور گرد و نواح سے قلمکاروں اور عقیدتمندوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ ’9نومبربیسویں صدی کے معروُف مفکّر، مایہ ناز فلسفی ، شاعرِ مشرق علّامہ اَقبال کا یومِ پیدائش ہے۔ اِس دِن بطور خاص علاّمہ اِقبال کو یاد کِیا جاتا ہے اوراُن کے خاص کارناموں کو خراجِ عقیدت پیش کِیا جاتا ہے۔ اِس دِن کی ایک اور بڑی اہمیّت یہ بھی ہے کہ اِس دِن کو یومِ اُردوُ کے طور پر بھی منایا جاتا ہے علّامہ اقبال نے اپنی زندہ و پائیندہ شاعری کے ذریعہ دُنیا ئے اُردوُ میں ایک اِنقلاب برپا کَیا ہے۔ 14نومبر عالمی سطح کی سیاسی سماجی اور ادبی شخصیّت آزاد ہندوستان کے پہلے پردھان منتری پنڈت جواہر لعل نہروُ کا یوُمِ ولادت بھی ہے ۔جِسے بچوں کے دِن(یومِ اطفال) کے طورپر منایا جاتا ہے ۔ ایک اور عظیم شخصیّت مولانا ابوُالکلام آزادؔ کا 11نومبر کو جنم دن ہے۔آپ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیرِتعلیم تھے۔ اِس عظیم ماہرِ تعلیم اور عظیم فلسفی مولانا ابوالکلام آزاد کے یوُمِ ولادت کو خصوُصی طور سے قومی یوُمِ تعلیم کے طور پر منایا جاتا ہے۔اِن خصوُصی ایام کے حوالے سے اِن شخصیّات کویاد کرتے ہوئے اُنکی شخصیّت کے مختلف پہلوؤں پر مقرّرین نے اپنے اپنے اندازِ سُخن سے خراجِ عقیدت پیش کِیا۔ اِس خصوُصی نِشست کی صدارت کے فرائض کِشتواڑسے معروُف اُردوُ شاعر عُشاّق ؔکِشتواڑی صدر ترقی اردوُ ہند شاخ کِشتواڑ کے صدرنے سر انجام دِئے۔جبکہ اُردوُ کے اُبھرتے ہوئے جواں سال غزل گو شاعر شمسؔ راجن نے نِظامت کے فرائض بخوبی انجام دِئے ۔ اِس موقعہ پر کثیر الزبان شعری نِشست کا بھی اہتمام ہوُا۔ جِس کا آغاز شاعرِ مشرق علاّمہ اقبال کے تحریر کردہ معروف قومی ترانہ ’ سارے جہاں سے اچھا ہِندوستاں ہمارا، ہم بُلبُلیں ہیں اِس کی یہ گُلستاں ہمارا سے ہوُا ۔جِسے معروُف گلوکار چمن سگوچ نے اپنی مدُھر آواز میں گا کر سب پر وجد سا طاری کر دِیا۔اِس محفلِ شعر کے دیگر شعراحضرات کے اسمائے گرامی اِس طرح ہیں: ۔ اوم آرشؔ دلموترہ، سنتوش نادانؔ، مالک سنگھ وفاؔ، فوزیہ مُغل ضِیاؔ، توسیف رضاؔ، شمسؔ راجن ، کالوُ رام سلگوترہ،راجیو کُمار، ایس کے گُپتا،سنجیوکُمار اور شام طالبؔؔ۔ آخر میں شُکریہ کی تحریک حسبِ معمول چیئرمین اوم آرشؔ دلموترہ نے پیش کی۔جِس میں آپ نے یاد دِلایا کہ نِشست کاوقت اب ساڑھے تین سے ساڑھے پانچ بجے کا ہے ۔ آپ نے سب کو وقتِ مقرّرہ پر آنے کی تلقین کی۔