بارہمولہ//سرحدی ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں سنیچر کو جھڑپ کے دوران مارے گئے6 لشکرجنگجوئوں کو بارہمولہ کے مضافاتی گائوں گانٹہ مولہ کالونی میں غیر ملکی جنگجو ئوں کیلئے بنائے گئے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔ پولیس نے 6 جنگجوئوں کی لاشیں اتوار کو بارہمولہ مظفرآباد شاہراہ کے بغل میں گانٹہ مولہ کے مقام پر دفنانے کیلئے پہنچایا ،جہاں پہلے سے مقامی لوگوں اور پولیس نے رضا کارانہ طور پر اُن کیلئے قبریں کھود کے رکھی تھیں۔ بعد میں لاشوں کو شیری پولیس تھانے سے وابستہ اہلکاروں اورمقامی لوگوں نے شام دیر گئے سپرد خاک کیا ۔واضح رہے کہ اس قبرستان کا قیام د دو سال قبل اس وقت عمل میں لایا گیا تھاجب ای ڈی آئی پانپور میں تین غیر ملکی جنگجو مارے گئے تھے اور بعد میں اسی جگہ اُنہیں دفن کیا گیا ۔ قبرستان میں اب تک پانچ درجن کے قریب غیر ملکی جنگجوئوں کو سپرد خاک کیا جا چکا ہے۔