سرنکوٹ //سرنکوٹ میں گزشتہ شب چوری کی واردات سرانجام دیتے ہوئے نامعلوم نقب زنوں نے دو دوکانوں کے شٹر توڑ کر لاکھوں روپے کا سامان اور نقدی رقم چوری کرلی جس کے خلاف تاجروںنے بازار سے گزرنے والی سڑک کو بند کرکے مسلسل دو گھنٹوںتک احتجاج کیا ۔نقب زنوں نے ایشان دتا کی موبائل فون کی دوکان کا شٹر توڑ کر 5 لاکھ سے زائد کے موبائل فون چورا لئے۔اسی طرح ہاڑی محلہ میں سید اکرم حسین کاظمی کی دوکان سے بھی شٹر توڑ کر ڈیڑھ لاکھ روپے کے ہار اور دیگر سامان چوری کرلیا۔صبح جب دونوں دوکانوں کے مالکان نے دیکھاتو شٹر ٹوٹے ہوئے پائے گئے اور سامان بکھرا ہوا تھا۔انہوں نے فوری طور پرپولیس کو اطلاع دی جس پر ڈی وائی ایس پی سرنکوٹ اصغر علی ملک اور سیکنڈ ایس ایچ او سرنکوٹ الطاف حسین پولیس پارٹی کے ہمراہ موقعہ پر پہنچے اور موقع کا جائزہ لیا۔اس دواران دوکانداروں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلائے اور گاڑیوں کی آمدورفت کو دو گھنٹے تک بند رکھا۔ دوکانداروں نے مطالبہ کیا کہ جلد سے جلد چوروں کا پتہ لگاکر ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔انہوںنے یہ سوال اٹھایاکہ جب رات کو پولیس سرنکوٹ بازار میں تعینات ہوتی ہے توپھر یہ واردات کیسے انجام دی گئی ۔ پولیس نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ جلد سے جلد اس معاملے کو سلجھانے کی کوشش کرے گی ۔واضح رہے کہ آٹھ ماہ قبل بھی سرنکوٹ میں چوری کی واردات ہوئی تھی اور اب یہ آٹھ ماہ کے بعد ایسا واقعہ دوبارہ پیش آیا ہے۔اس دوران ایڈیشنل ایس پی پونچھ نے بھی سرنکوٹ پہنچ کر معائنہ کیا اور ایک میٹنگ کرکے لوگوں کو یقین دلایاکہ نقب زنوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی ۔