سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان نے افسروں کی ایک میٹنگ میں عید میلاد النبی کی تقریبات کے سلسلے میں انتظامات کاجائزہ لیا۔اننت ناگ،شوپیان، بڈگام،گاندربل،پلوامہ ،لیہہ،کرگل،کپوارہ،بارہمولہ اوربانڈی پورہ اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔جبکہ ڈپٹی کمشنرسرینگر ،مختلف محکموں کے چیف انجینئران،ایس ایس پی ٹریفک ،ایس پی حضرت بل اور وقف بورڈ کے افسران کے علاوہ محکمہ صحت،ایس ایم سی اورخوراک،رسدات اورامو رصارفین کے آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ سے خطاب کے دورام صوبائی کمشنر نے عاوم کے لئے اشیائے ضروریہ کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوںنے درگاہ حضرت بل میں اے سی آر کی نگرانی میں ایک کنٹرول روم کو چالو کرنے پر زوردیا۔صوبائی کمشنر نے ایام متبرکہ کے دوان بجلی کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ پی ڈی ڈی کو لازمی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔بصیر احمد خان نے حضرت بل میں اسٹریٹ لائیٹس کو چالو حالات میں رکھنے اوربجلی سپلائی میںخلل کی صورت میں جنریٹر سیٹ تیار رکھنے کے بھی احکامات صادر کئے۔میٹنگ میں ایام متبرکہ کے دوران ٹرانسپورٹ کے بہتر انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ایس آر ٹی سی نے زائرین کی ٹرانسپورٹ سہولیت کے لئے 20بسوں کو دستیاب رکھا ہے۔میٹنگ کے دوران سڑکوں کی تجدید ومرمت کرنے اور ناجائز منافع خوری کا قلع قمع کرنے کے لئے چیکنگ سکارڈ کو متحرک کرنے کی ہدایت دی گئی۔دریں اثناءعید میلا د النبی کے سلسلے میں انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے بانڈی پورہ میںافسروں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ خورشید احمد ثنائی نے کی۔میٹنگ میں متعلقہ آفیسروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایام متبرکہ کے دوران لوگوں کو ہر ممکن سہولیات بہم رکھیں۔اے ڈی سی نے زیارت گاہ اہم شریف اوردیگر عبادت گاہوں پر پاور سپلائی،پینے کاپانی ،صحت وصفائی اورطبی سہولیات کا معقول انتظام رکھنے کی ہدایات دئیے۔انہوںنے ضلعے میںراشن کی فراہمی ،مارکیٹ چیکنگ اور ٹرانسپورٹ کی بہتر سروس پربھی زوردیا تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دریں اثنا صحت و سماجی بہبود کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کل حضرت بل کا دورہ کیا اوریکم دسمبر کو منائے جانے والے عید میلاد النبی کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر موصوفہ کو بتایا گیا کہ لوگوں کی سہولیت کیلئے ایس آر ٹی سی لال چوک سے وومنز سپیشل بسوں کو چلانے کا اہتمام کرے گا جبکہ دیگر ضلع ہیڈ کوارٹروں سے بھی ان مقدس ایام کے دوران گاڑیوں کا خصوصی انتظام کیا جائے گا ۔ انہیں بتایا گیا کہ محکمہ صحت درگاہ کے ارد گرد پانچ طبی مراکز قایم کرے گا تا کہ زائرین کو طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ایس ایم سی زیارت کے احاطے اور اُس کے آس پاس صحت و صفائی یقینی بنانے کیلئے 110 صفائی کرمچاریوں کو کام پر تعینات کر رہا ہے ۔ پاور ڈیولپمنٹ محکمے کے افسروں نے میٹنگ میں بتایا کہ وہ علاقے میں بلا خلل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گا ۔ اس کے علاوہ جرنیٹر بھی دستیاب رکھے جائیں گے ۔ اسی طرح پی ایچ ای محکمے کے افسروں نے یقین دلایا کہ وہ 24 گھنٹے پینے کے پانی کی فراہمی کے علاوہ اضافی دو واٹر ٹینکر دستیاب رکھیں گے ۔ وزیر موصوفہ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ضروری سہولیات کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں تا کہ زائرین اپنے مذہبی فرایض خوش اسلوبی سے انجام دے سکیں ۔