ریاسی/ /تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے ریاست کے پہاڑی علاقوں میں تمام موسموں کے سڑک رابطے دستیاب کرانے کے حکومت کے عزم کو دوہراتے ہوئے کہا کہ حکومت گول میں تمام سڑک پروجیکٹوں کو اپریل 2018 تک مکمل کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی ۔ گول رام بن میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑک پروجیکٹوں پر 15 دنوں کے اندر کام شروع کیا جائے گا اور گورنمنٹ ڈگری کالج گول کو اگلے برس تک مکمل کیا جائے گا ۔ ڈی سی رام بن طارق حسین گنائی اور دیگر افسران بھی اس موقعے پر موجود تھے ۔ علاقے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روز گار دلانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کی ایک ٹیم علاقے کا دورہ کرے گی تا کہ اُنہیں اپنے آمدن بخش یونٹ قایم کرنے کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا جا سکے ۔ اس موقعے پر مقامی لوگوں نے اپنے ترقیاتی مسائل کے بارے میں وزیر کو جانکاری دی ۔ نعیم اختر نے گردھا گلی کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس اہم تاریخی مقام کو تحفظ دینے کیلئے اقدامات کریں ۔ ایک روزہ دورے کے دوران وزیر نے شارجو ، گڑھ موڑ ، جماسلان ، چکلاس اور دھارم گاؤں میں لوگوں کے ساتھ بات چیت کی ۔ وزیر نے اُن کے مطالبات غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ انہیں مرحلہ وار طریقے پر حل کیا جائے گا ۔ نعیم اختر نے 83 کنال اراضی پر 628 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہے جی ڈی سی گول کے تعمیراتی کام کا بھی معائینہ کیا ۔ انہوں نے اس عمارت میں سولر نظام لگانے کی بھی ہدایت دی ۔ سنگلدان میں مقامی لوگوں نے ریلوے پروجیکٹوں میں مقامی لوگوں کو روز گار دلانے کا مطالبہ کیا ۔