سرینگر//غیر منافہ بخش تنظیم جموں وکشمیر گالف فائونڈیشن نے گریٹر کشمیر کے اشتراک سے رائل سپرنگ گالف کورس میں گالف کیڈیز کیلئے ایک ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ اس موقعہ پر نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ گالف کیڈیز، جو گالف کھیل کا انتہائی اہم حصہ ہیں، عا م طور پر سماج کے اقتصادی طور پر کمزور طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم اس کے باوجود بھی اس طبقہ نے کشمیر میں گالف کھیل کو زندہ رکھاہے ۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ گالف کیڈیز کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر فاروق نے اس دوران کیڈیز کی امداد کیلئے گریٹر کشمیر کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ گالف کورس میں سہولیات دستیاب رکھنے پر وزیرا علیٰ اور سکریٹری ٹورازم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس موقعے پر گریٹر کشمیر کے مدیر علیٰ فیاض احمد کلونے کہاکہ گالف کو ترقی دینا اُن کی ترجہات میں شامل ہے اور وہ گالف کھیل کو مزید فروغ دینے کیلئے جموں وکشمیر گالف فائونڈیشن کے اشتراک سے قومی سطح کے 15ٹورنامنٹوں کا انعقاد کریں گے۔ گلمرگ، پہلگام ،پولیس گالف کورس، رائل سپرنگ گالف کورس اور کشمیر گالف کلب سے وابستہ 175کیڈیز نے اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ کیڈیز کو رائل سپرنگ گالف کورس میں کھیلنے کا موقعہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کا مقصد شرکت کرنے والے ہر ایک کیڈی کو 2ہزار روپے معاوضہ دینا بھی تھا۔ اس موقعہ پر جے کے گالف فائونڈیشن کے صدر ایم وائی خان نے کہا ہر سال پہلگام ،گلمرگ اور سرینگر میں تین تین ٹورنامنٹوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ کیڈیز کی پریکٹس کیلئے گالف سیٹ بھی دستیاب رکھے جائیں گے۔ جے کے گالف ڈولپمنٹ اٹھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر غالب محمد شاہ نے کہا کہ ریاستی حکومت گالف کھیل کو ترقی دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گئی۔ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے حاجی غلام نبی کو 20ہزار روپے بطور نقد انعام دیا گیا جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے کھلاڑی کو 15ہزار روپے کے نقد انعام سے نوازہ گیا ۔اس موقع پرفاروق عبداللہ اور مدیر اعلیٰ گریٹر کشمیر فیاض احمد کلو نے کھلاڑیوں میں انعمات تقسیم کئے ۔ رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقعے پر فائونڈیشن کے حق میں 10لاکھ روپے عطیہ دینے کا بھی اعلان کیا۔