سرینگر//بچوں کی دیکھ بھال اور ضرورت کے موقع پر انہیں مدد اورتحفظ فراہم کرنے کے لئے چائلڈ لائن سرینگر کے نام سے 1098 نمبر کی مفت ہیلپ لائن شروع کی گئی ہے ۔چائلڈ لائن انڈیا فونڈیشن کی جانب سے یہ مفت ہیلپ لائن خواتین و بچوں کی ترقی کی وزارت کی نگرانی کے تحت ملک بھر میں شروع کی گئی ۔چائلڈ لائن کو سماج میں متعارف کرانے کی غرض سے چائلڈ سے دوستی کا ہفتہ ہر سال14نومبر سے 21نومبر منایا جاتاہے اور ملک بھر میں بچوں کے حقوق اور طبی سہولات کی دستیابی کے متعلق مذکورہ ہفتے کی نسبت کئی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔وادی میں بھی مذکورہ ہفتے کی نسبت کئی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔چائلڈ لائن سے دوستی کا ہفتہ منانے کا مقصد لوگوں کو چائلڈ لائن1098کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ سماج سے تعلق رکھنے والے ہر طبقہ تک رسائی حاصل کرنے میں مدد مل جائے ۔ مذکورہ ہفتہ ایک طویل مدتی حکمت عملی ہے جس کا مقصد سالانہ منیادوں پرضلعی سطح پر ایک ہفتہ کی نمائش کو یقینی بنانا ہے تاکہ بچوں کی دیکھ ریکھ اور ضرورت کے موقع پرتحفظ فراہم کرنے کے متعلق بڑے پیمانے پر عوام میں سنجیدگی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سماج کے ہر طبقہ سے وابستہ لوگوں کو بچوں کے حقوق سے متعلق سرگرمیوں میں شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔ رواں سال14نومبر کو بچوں کے عالمی دن کی تقریبات کے سلسلے میں چائلڈ لائن سے دوستی کا ہفتہ گرلز ہائی اسکول نوہٹہ میں منایا گیا جبکہ 16نومبر کو بچوں کے حقوق کے متعلق کشمیر یونیورسٹی میں ایک دستخطی مہم منعقد کی گئی ۔ہیلپ فونڈیشن کے اشتراک سے پٹن علاقے میں 18نومبر کو ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ 21نومبر کو بچوں کے حقوق اورغلط استعمال کے متعلق ’’میون تہ سونچ تو‘‘ کے عنوان سے لال چوک میں سٹریٹ پلے منعقد کیا گیا جس میں شہر کے کئی سکولی بچوں نے شرکت کی۔بچوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بچوں کے حقوق کے متعلق نعرے درج تھے ۔