جموں//جموں صوبے کے کسانوں کے ایک گروپ کو بیرون ریاست کے دورے کے لئے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔اس سے قبل فروٹ نرسری گڈی مشری والا میں اکھنور اور چھمب علاقوں کے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے افسروں کوہدایت دی کہ وہ میوہ نرسریوں کے لئے ایک جامع منصوبہ مرتب کریں تاکہ میوہ اگانے والے اور کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے ۔اس موقعہ پر باغبانی کی وزیر مملکت پریاسیٹھی ، ایم ایل اے چھمب ڈاکٹر کرشن لال بھگت ، ایم ایل اے اکھنور راجیو شرما کے علاوہ متعلقہ محکمے کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بشارت بخاری نے کہا کہ میوہ صنعت سے ریاست کو 8ہزار کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوتی ہے اور یہ کسانوں اور میوہ اگانے والوں کی محنت کا نتیجہ ہے کہ یہ صنعت روزافزوں ترقی کی بلندیوں کو چھو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس صنعت کو دوام بخشنے کے لئے ایک ہارٹیکلچر پالیسی بھی مرتب کی جار ہی ہے جسے میواہ اگانے والوں کو کافی فائدہ حاصل ہوگا۔وزیر نے کہا کہ حکومت نرسریوں میں معقولیت لانے اور انہیں ترقی دینے کی وعد ہ بند ہے ۔انہوں نے اس حوالے سے جلد از جلد ایک جامع منصوبہ مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی تمام نرسریوں کی نشاندہی کی جانی چاہئیں جہاں اراضی کو مکمل طور سے استعمال میں نہیں لایا گیا ہے تاکہ ان کو بڑھاوا دینے کے لئے لازمی اقدامات کئے جاسکیں۔