نئی دہلی //پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی اور اُن کے ساتھ بی اے ڈی پی کے علاوہ راجوری اور پونچھ اضلاع کے لوگوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا ۔ گجر بکروال طبقے کا ایک وفد بھی عبدالغنی کوہلی کے ہمراہ تھا ۔ کوہلی نے وزیر داخلہ کو کالا کوٹ سمیت ان دونوں سرحدی ضلعوں کا دورہ کر کے ان کے مسائل کا جائیزہ لینے کی دعوت دی ۔ وزیر داخلہ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ مستقبل قریب میں علاقے کا دورہ کریں گے ۔ ریاستی وزیر نے سرحد پار کی شیلنگ سے متاثرہ لوگوں کیلئے خصوصی معاوضے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ کو شیلنگ کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ کوہلی نے ایس ٹی طبقے کے لوگوں کو ایس سی طبقے کی طرز پر خصوصی ریزرویشن دینے کا بھی مطالبہ کیا ۔ انہوں نے تمام زمروں میں گجر بکروال طبقے کو ریزرویشن دینے ، دور درشن کیندر سے گوجری بلٹین شروع کرنے اور گوجری زبان کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے جیسے مطالبات وزیر داخلہ کے سامنے رکھے ۔ عبدالغنی کوہلی نے گجر بکروال طبقے کے مطالبات پر مبنی ایک میمورنڈم بھی مرکزی وزیر کو پیش کیا ۔ وزیر داخلہ نے عبدالغنی کوہلی اور وفد کے مطالبات غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور اُن کو ایک معیاد بند مدت کے دوران حل کیا جائے گا ۔