نئی دہلی// حکومت نے سپریم کورٹ اور اعلی عدالتوں کے ججوں کے نئے گریڈ کے لئے متعلقہ قوانین میں ترمیم کو آج منظوری دے دی۔ اس فیصلے سے سپریم کورٹ کے 31 اور اعلی عدالتوں کے 1079 موجودہ ججوں کے ساتھ ساتھ تقریبا ڈھائی ہزار ریٹائرڈ ججوں کو بھی فائدہ ملے گا۔ بڑھی ہوئی تنخواہ کا اطلاق یکم جنوری 2016 سے ہوگا۔قانون میں ترمیم کے لئے آئندہ پارلیمنٹ کے سیشن میں بل پیش کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی یہاں ہوئی میٹنگ میں اسے فوری اثر سے منظوری دی گئی۔ اجلاس کے بعد قانون و انصاف کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے بتایا کہ اس کے لئے سپریم کورٹ کے ججز (تنخواہ اور سروس کی شرائط سے متعلق) قانون 1958 اور ہائی کورٹ کے ججز (تنخواہ اور سروس کی شرائط سے متعلق) قانون 1954 میں ترمیم کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے اگلے سیشن میں دونوں قوانین میں ترامیم کے لئے بل لائے جائیں گے ۔ بقایہ تنخواہ اور الا¶نسزکی ادائیگی یک مشت کی جائے گی۔ مسٹر پرساد نے بتایا کہ اخراجات محکمہ کی سفارش پر وزارت قانون و انصاف نے نئے گریڈ کا خاکہ تیار کیا تھا۔ اس کے لئے متعلقہ جماعتوں کے ساتھ گہری مشاورت کی گئی تھی۔ کابینہ نے وزارت کے تیار کردہ مسود ے کو آج منظوری دے دی ہے ۔یو این آئی