نئی دہلی//سابق ہندستانی کرکٹر ظہیر خان اور بولی وڈ اداکارہ ساگریکا گاٹکے بالآخر شادی کے بندھن میں بندھ گئے ۔ظہیرخان اورساگریکا گاٹکے نے رواں برس اپریل میں منگنی کی تھی، جس کے 4 ماہ بعد یعنی ستمبر 2017 میں ہی ان کی جانب سے جلد شادی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔15ستمبر کو جوڑے کی جانب سے 27نومبر 2017میں شادی کا اعلان کیا گیا تھا۔ظہیر خان اور ساگریکا گاٹکے نے روایتی طریقوں کے بجائے 23 نومبرکو عدالت میں شادی کی۔ دونوں کی شادی کی سب سے پہلی تصویر اورخبر اداکارہ ساگریکا گاٹکے کی دوست انجنا شرما کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی۔تصویر میں ساگریکا گاٹکے کو دلہن کے روایتی سرخ لباس اور ظہیر خان کو ہلکے گلابی رنگ کے کرتے میں خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے ۔ساگریکا گاٹکے اور ظہیر خان کی شادی کی تصاویر ان کے ساتھ 2007 میں فلم 'چک دے انڈیا' میں کام کرنے والی ساتھی اداکارہ ودیا ایم ملاودا نے بھی ٹوئیٹ کی اور ساتھ میں لکھا کہ ' سالی اور گھر والی کے ساتھ'، 'میں اپنے نئے بہنوئی کے ساتھ'۔ایک روز قبل ہی ودیا ایم ملاودا نے ساگریکا گاٹکے کی ایک تصویر شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے اداکارہ کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے 23 نومبر کو شادی کی خبر دی تھی۔اس تصویر میں ساگریکا گاٹکے کو زیورات پہنے ہوئے مسکراتا دیکھا جا سکتا ہے ۔ان دونوں کی شادی کی خبر سامنے آنے سے قبل ہی ان کی شادی کے دعوت نامے تیار کرنے والے کارڈ ہاؤس 'روش کپور انوٹیشنز' کی جانب سے بھی انسٹاگرام پر ان کے دعوت ناموں کی جھلک جاری کردی گئی تھی۔