اوڑی//سلام آباد اوڑی میں قائم سرکاری ہائی سکول کی حالت 10 سال سے ناگفتہ بہ ہے ۔سکول کیلئے عمارت تو ہے لیکن دروازوں اور کھڑکیوں کے بغیر،اتنا ہی نہیںطالب علموں کے بیٹھنے کیلئے فرش کا بھی کوئی بندوبست نہیں ہے۔ اوڑی کے سلام آباد گاﺅں میں قائم اس سکول کی عمارت 2005 میں آئے تبا کن زلزلے میں مکمل طور زمین بوس ہو گئی تھی جس کے بعد محکمہ تعلیم نے 2006 میں 12کمروں پر مشتمل نئی سکولی عمارت تعمیر کرنے کا سلسلہ شروع کیا لیکن ابھی تک یہ عمارت نا مکمل ہے جس کی وجہ سے طلاب کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ عمارت کی چار دیواری اور چھت تعمیر کرنے کے بعد 2007 میں مزید تعمیراتی کام نا معلوم وجوہات کی بنیاد پر روک دیا گیا۔مقامی لوگوں نے بتا یا کہ دس سال کا عرصہ گزر گیا مگر اس عمارت کیلئے کھڑکیوں اور دروازوں کا کوئی انتظام نہیں کیا گیااور نہ ہی طلاب کے بیٹھنے کیلئے فرش کابندوبست کیا گیا۔ سکول میں 400 طلاب زیر تعلیم ہیں جنہیں سکولی عمارت نامکمل ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات درپیش ہیں۔