سرینگر//حکومت کی طرف سے سنگبازوں کو عام معافی دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ممبر اسمبلی رفیع آباد یاور دلاور میر نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فرہم کرنے کی وکالت کی۔ میر نے مرکزی حکومت کے اس فیصلے کو اعتماد سازی کا خوش آئندہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں کو تنہائی کا احساس جہاں دور ہوگا وہیں اُن کا غصہ بھی کم ہوگا۔ ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی رفیع آباد نے سرکار کی طرف سے پولیس اہلکاروں کو مرکزی فورسز کی طرز پر ایکس گریشاءفراہم کرنے کا بھی خیر مقدم کیا۔انہوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کے روزگار اور ان کا مستقبل سنوارنے کیلئے اقدمات کرے۔ یاور میرنے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان سے کئے گئے وعدوں کی عمل آوری کی جائے گی،تاہم انہوں نے لوگوں بالخصوص نوجوانوں کی طرف سے سماجی فلاحی اسکیموں اور ترقیاتی پروگراموںکی عمل آوری کیلئے تعاون فرہم کرنے پر زور دیا۔ممبر اسمبلی نے کہا کہ نوجوانوں کو ریاست کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ترقی کیلئے امن و آشتی کو لازمی قرار دیتے ہوئے انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست سے بالا تر ہوکر ریاست کی اقتصادی بہتری کیلئے کام کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ’ اگر ہم اس وقت ریاست کی شناخت کوتحفظ دینے میں ناکام ہوئے توآئندہ نسل ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی‘۔