بھدرواہ //نیشنل پینتھرز پارٹی نے حال ہی میں ریاست کے دورہ پر آئے مذاکرات کار پر جموں خطہ کو فراموش کرنے کا الزام لگایا ہے ۔پارٹی کے سابقہ ایم ایل اے اور پارٹی صدر بلونت سنگھ منکوٹیہ نے مذاکرات پر جموں خطہ کے نمائندوں کی جانب سے اُٹھائے گئے مدعوں پر توجہ نہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے مرکزی بی جے پی سرکار کی ہدایت پر 4500سنگ بازوںکوعام معافی دینے کے لئے نکتہ چینی کی ہے۔منکوٹیہ بھدرواہ کے متعدد دیہات میں عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں کو علاحدہ ریاست کا درجہ دینے کی پارٹی کی مانگ زور پکڑ رہی ہے اور بھدرواہ حلقہ میں بھی این پی پی صدر کا استقبال کرتے ہوئے جموں کو علاحدہ ریاست کے حق میں نعرے لگائے گئے۔انہوںنے ملوٹھی، اور کلید میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سرکار پر کشمیر مرکوز پالیسی اپنانے اور جموں کے منڈیٹ کو فراموش کرنے کی نکتہ چینی کی۔انہوںنے کہا کہ مرکزی مذاکرات کار جموں میں بھی متعدد نمائندوں سے ملے لیکن بد قسمتی کی بات ہے کہ ایک بھی مدعے کا احل نہیں نکالا گیا ہے جبکہ وادی کشمیر میں 4500سنگ بازوں کو رہا کیا جا رہاہے۔انہوں نے کہا جموں کے عوام کو اپنا جائز حق فقط علحیدہ ریاست کا درجہ دینے سے ہی حاصل ہوگا۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے بھدرواہ کے مقامی مدعے بھی اُجا گر کئے اور ملوٹھی میں ایک ڈگری کالج کھولنے اور بھالہ سے ڈوگلی تک کی سڑک پر میکڈم بچھانے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے سرکار سے اس سڑک پر فوری طور کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر پارٹی احتجاج کا راستہ شرو ع کر ے گی۔اس موقعہ پر ڈوڈہ کے پارٹی ضلع صدر امتیاز احمد، بانکے لعل شرما ،دھرم سنگھ، ستونت سنگھ، کلدیپ ،شکتی کمار، نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔پارٹی کے پروگراموں اور پالسیوں سے متاثر ہوکر بھدرواہ کے درجن بھر ورکروں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔