ترال// ترال میںفوج کو اُس وقت ہوائی فائرنگ کرنا پڑی جب انہوں نے حال ہی میں جاں بحق ہوئے مقامی جنگجو کے چہارم کے موقعہ پراس کے آبائی علاقے میں آویزاں کی گئی جنگجوﺅں کی تصاویر اُتارپھینکنے کی کوشش کی ۔عادل رشید چوپان کے چہارم کے سلسلے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔علاقے میں عادل رشید سمیت کئی مارے گئے جنگجوﺅں کی تصاویر کے ساتھ بینر اور پوسٹر آویزاں کئے گئے تھے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سہ پہر ساڑھے3بجے کے قریب42آر آر سے وابستہ اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد گاﺅں میں نمودار ہوئی اور جنگجوﺅں کی تصاویر اور بینر وغیرہ اُتار پھینکنے کی کوشش کی۔ اسی دوران وہاں موجود لوگوں نے احتجاج کیا ۔مقامی لوگوں نے جنگجوﺅں کی تصاویر اتار پھینکنے پر اعتراض کیا اور ان کی فوجی اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی۔حالات جب انتہائی کشیدہ ہوگئے تو فوجی اہلکاروں نے وہاں سے نو دو گیارہ ہونے میں ہی عافیت سمجھی،تاہم وہاں سے جانے سے قبل انہوں نے مظاہرین کو تتر بتر کرنے کےلئے ہوا میں گولیوں کے کئی راﺅنڈ فائر کئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہو اور نہ ہی کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔