دیہگام، گجرات//کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے حکومت پر گجرات الیکشن کی وجہ سے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس موخر کرنے کا الزام دہراتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے رافیل جنگی طیارہ ڈیل میں مبینہ گھپلہ کے سلسلے میں تین سوالات پوچھے ۔مسٹر گاندھی نے یہاں ایک انتخابی جلسہ میں کہا کہ وہ فضائیہ، قومی سلامتی اور شہادت دینے والے جوانوں سے متعلق رافیل سودے کے بارے میں مودی جی سے تین سوال پوچھنا چاہتے ہیں۔ پہلا کہ ان کی حکومت نے اس سودے کے لئے کانگریس حکومت کے معاہدہ کو تبدیل کیا تو اس میں طیارہ کی خریداری قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے یا نہیں۔ دوسرا کہ ا س سودے کے تحت طیارہ بنانے کا ٹھیکہ سرکاری سیکٹر کی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ سے چھین کر اس سیکٹر میں کوئی تجربہ نہیں رکھنے والے ایک صنعت کار کو کیوں دیا گیا اور تیسرا کہ اسے نجی صنعت کار کو دینے کے پہلے حکومت نے مقررہ ضابطوں جیسے کہ سلامتی سے متعلق کابینہ کمیٹی وغیرہ کی منظوری لینے پر عمل کیا گیا کہ نہیں۔مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے رافیل سودا ، امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کی کمپنی کے گھپلے پر بحث سے بچنے کے لئے پارلیمنٹ تالا لگادیا ہے ۔