جموں// جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ماحولیات پر کمیٹی نے کل رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی کی قیادت میں جھیل ڈل کا دورہ کیا تا کہ اس جھیل سے متعلق مسائل کا بغور جائیزہ لیا جاسکے۔ارکان اسمبلی محمد یوسف بٹ، بشیر احمد ڈار، عثمان مجید ڈار، اشفاق احمد شیخ اور شمیمہ فردوس بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ ان کے علاوہ وی سی ایل اے ڈبلیو ڈی اے مسعود حفیظ شاہ، ماہر انجنئیر ظہور احمد ذاٹ اور دیگر ماہرین بھی محمد یوسف تاریگامی کے ہمراہ تھے۔ممبران نے جھیل ڈل کی جاری صفائی مہم کا جائیزہ لیا جو مشینوں اور افرادی قوت کے ذریعے عمل میں لائی جارہی ہے۔کمیٹی نے ایل اے ڈبلیو ڈی اے میں کام کر رہے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کی سفارش کی اور ان کے مشاہرے میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ کمیٹی کو بتایاگیا کہ اس وقت1300 مزدور جھیل ڈل کی صفائی پر لگائے گئے ہیں۔ کمیٹی نے گاندر بل کا بھی دورہ کیا اور ریت نکالنے والوں کے مسائل سُنے۔