کپوارہ//ماگام ہندوارہ اور زرہامہ ترہگام میں فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان جھڑپو ں کے بعد سرحدی ضلع کپوارہ میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دئے گئے ہیںاور آئے روز ضلع کے متعدد دیہات کا محاصرہ کر کے وہا ں پر تلاشی کارروائیا ں کی جاتی ہیں ۔ضلع کے زرہامہ مڑہامہ علاقہ میں فوج نے ابھی تک ناکہ بندی کر رکھی ہے ہفتے کو پولیس،47آر آر اور سی آر پی ایف98بٹالین کے اہلکاروں نے جگر پورہ اور ماور علاقوں میں محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کارروائی کی۔تاہم سہ پہر کو فوج نے ان علاقوں سے پہرہ اٹھا دیا گیا ۔اس دوران خزان مٹی کرالہ پورہ پل پر فوج کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا جس کے دوران مسافر گا ڑیو ں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی تھی۔ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور فوج کی21راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے ہفتے کی صبح زچلڈارہ ہندوارہ کے بھون نامی گائوں کو محاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشی لی۔یہ علاقہ جنگلات کے نزدیک واقع ہے۔اسی طرح کی کارروائی ہندوارہ کے ہی کلتاری ماور علاقے میں ایس او جی اور30آر آر نے انجام دی۔تاہم ان کا جنگجوئوں کے ساتھ سامنا نہیں ہوا۔ایس او جی اور28آر آر سے وابستہ اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد چنڈی گام لولاب کو محاصرے میں لینے کے بعد جنگجوئوں کو تلاش کررہی ہے۔یہ کارروائی بھی سنیچر علی الصبح شروع کی گئی ۔