سرینگر //عید میلاد النبیؐ کی مقدس تقریبات کے سلسلے میں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے آثار شریف حضرت بل کا دورہ کیا اور درگاہ میںعقیدت مندوں کیلئے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے درگاہ کے مختلف علاقوں میں جاکر از خودفراہم کی جارہی سہولیات کا معائینہ کیا اور درگاہ پر حاضری دی۔وزیرا علیٰ نے جے اینڈ کے مسلم وقف بورڈ اور صوبائی انتظامیہ جن میں پولیس، پاور ڈیولپمنٹ ، پی ایچ ای، ایس ایم سی ، ٹریفک پولیس، محکمہ صحت شامل ہیں کی طرف سے کئے گئے انتظامات کاجائز ہ لیا۔ وزیراعلیٰ جو وقف بورڈ کی چیئرپرسن بھی ہیں، نے ایام متبرکہ کے دوران بلا خلل بجلی ، پینے کے پانی ،صحت و صفائی بالخصوص نماز اور ختمات کے دوران یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے عقیدت مندو ں بالخصوص خواتین جو شب خوانی و ذکر و اذکار کے لئے درگاہ میں حاضر رہتی ہیں کیلئے مناسب گرمی کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی۔محبوبہ مفتی نے درگاہ شریف میں ان علاقوں کا بھی معائینہ کیا جہاں خواتین اور مرد حضرات نماز ادا کرتے ہیں ۔انہوںنے وضو خانے اور فیسلٹیشن کونٹروں کا بھی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وادی کی دیگر زیارت گاہوں اور مساجد میں بھی ربیع الاوّل کے ایام اور عید میلاد النّبی کے مقدس موقعہ پر اسی طرح کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔دورے کے دوران وزیرا علیٰ نے درگاہ میں جاری دیدہ ذیبی کے کام کامعائینہ کیا اور متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ آثار شریف میں مزید خوبصورتی لانے کے کام انجام دیں۔