کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ کے مختلف علاقوں میں فوج اور فورسز نے جنگجو مخالف آ پریشن جاری رکھتے ہوئے ہفتہ اور اتوار کو ہندوارہ کے حاجن ،اننون کرالہ گنڈ علاقوں کا کریک ڈائون کر کے گھر گھر تلاشی کارروائی کی جو اتوار کی شام24 گھنٹوں کے بعد اختتام کو پہنچ گئی ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ تلاشی کارروائی کے دوران فوج نے دو شہریو ں کو گرفتار کیا جن میں ایک سرکاری ملازم بھی ہے ۔کپوارہ ضلع ہفتہ کی شام فوج کی 30,32راشٹریہ رائفلز اور سپیشل آ پریشن گروپ ہندوارہ نے کرالہ گنڈ ہندوارہ کے اننون اور حاجن علاقوںکو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی جو اتوار کی شام تک جاری رہی ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ فوج نے دوران شب تلاشی کارروائی کے دوران حاجن کے ایک سر کاری ملازم ریاض احمد خان اور عاشق حسین میر کو گرفتار کیا ۔اتوار کی صبح سے ہی علاقوں میں اس غرض سے تلاشی کارروائی شروع کی گئی کہ فوج کو خدشہ تھا کہ اس علاقہ میں جنگجو چھپے بیٹھے ہیں ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ فوج نے اس دوران ہوائی فائرنگ بھی کی لیکن کوئی جوابی فائرنگ نہیں ہوئی ۔ فوج نے تلاشی کاروائی کے دوران کھیتوں اور میوہ باغات کے ساتھ ساتھ رہائشی مکانو ں کی بھی تلاشی کی جو اتوار شام اختتام کو پہنچ گئی ۔