جموں//شہر میں 75کروڑ کی مالیت کی ہیروئین کی برآمد گی کے صرف 2ہی دن بعد ایک فوجی اہلکار کے قبضہ سے 8کلو گرام ہیروئین پکڑی گئی ہے جس کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں 40کروڑ سے بھی زائد بتائی جاتی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ فوجی اہلکار محمد انور ساکن لام نوشہرہ ضلع ریاسی کے قبضہ سے عمدہ کوالٹی کی ہیروئین برآمد ہوئی ہے جس پر افغانستان کے نشان بنے ہوئے ہیں۔ ملزم اہلکار کو میڈیا کے روبرو پیش کرتے ہوئے آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ جموال نے منشیات کی یہ کھیپ دہلی لے جائی جا رہی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کا تعلق فوج کی 17جیکلائی رجمنٹ سے ہے اور وہ دہلی میں فوجی ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھا، اس کے خلاف انسداد منشیات کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔انور ہیروئین کو سیب کے ڈبے میں چھپا کر دہلی جانے والی ایک بس میں سفر کر رہاتھا کہ کنجوانی میں اس کی تلاشی لی اور اسے ضبط کر لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کھیپ پر افغانستان کا لیبل لگا ہو ا ہے اور یہ پاکستان سے سرینگر لائی گئی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ جموں کے مختلف حصوں میں منشیات مخالف کارروائی کے دوران راجوری سے 110گرام ہیروئین، کشتواڑ سے 350گرام چرس، کٹھوعہ سے 1.2کلو چرس ، جموں شہر میں 2400نشہ آور کپسول برآمد ہوئے ہیں۔