جموں//سینئرکانگریس لیڈروسابق وزیررمن بھلہ نے ریاستی سرکار خصوصی طورپر بی جے پی کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ موجودہ وقت میں جموں کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک روارکھاجارہاہے ۔خاص طورپر سرکاری نوکریوں کی فراہمی میں جموں کے بے روزگارتعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں جموں خطہ کے نوجوان بی جے پی سے بیزار ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ بی جے پی۔پی ڈی پی مخلوط سرکارکے دورمیں جموں کے نوجوانوں کے ساتھ سرکاری نوکریوں کی فراہمی میں ناانصافی ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس امتیاز ی سلوک پرکانگریس ہرگز خاموش تماشائی بنی بیٹھی نہیں رہے گی بلکہ جموں کے نوجوانوں کوانصاف دلانے کیلئے اپنی جدوجہدجاری رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے لیڈران کے تعمیروترقی کے بلندبانگ دعوئوں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی جموںخطہ کی نمائندگی کاحق اداکرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے اورخطہ جموں کی عوام بی جے پی کی کارکردگی سے نالاں ہے۔ بھلہ اسمبلی حلقہ گاندھی نگرمیں راجیونگراورامبیدکرنگرمیں لوگوں سے خطاب کررہے تھے۔