سرینگر //اپنی نوعیت کے پہلے تجربے کے طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے تحت کام کرنے والے کشمیر نرسنگ ہوم‘ سونہ وار میں کینسر مریضوں کا دل بہلانے کیلئے مصوری کا استعمال کیا گیا ہے۔سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی ہدایت پراسپتال میں سال 2015میں قائم کئے گئے میڈیکل آنکولاجی سینٹر کی دیوار وں ’ دیوار کو مریضوں کے حوصلے بلند کرنے کیلئے ‘ میں تبدیل کیا گیا ہے جس سے کینسر مریضوں میں ذہنی دبائو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ کشمیر نرسنگ ہوم کے منتظمین نے بتایا کہ کینسر مریضوں میں ذہنی دبائو کم کرنے کیلئے منفرد طریقہ استعمال کرکے اسپتال کی دیواروں پر مصوری سے منفرد ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی گئی جسکی کینسر مریض اور انکے تیمادار پذیرائی کرتے ہیں۔ کشمیر نرسنگ ہوم اپنے بیمار والد کا علاج و معالجے کیلئے آئے مبشر رسول نامی ایک تیما دار نے بتایا ’’ میں والد کو اسپتال ڈوز دینے کیلئے لایا تھا اور اسی دوران انکی نظر اسپتال کی دیواروں پر بنی خوبصورت تصویروں پر پڑی۔‘‘ مبشر نے بتایا کہ میرے والدکو دیوروں پر بنی تصوریوں سے کچھ پرانی یادیں تازہ ہوگئیں اور دو پل کیلئے وہ اپنی تمام پریشانیوں اور دکھ درد کو بھول گیا‘‘ ۔ مبشر نے بتایا کہ دیواروں پر بنی تصویروں کے بعد وہ اپنا بچپن یاد کرنے لگے اور خوبصورت کہانیاں سنانے لگے ۔ مبشر نے بتایا کہ اسپتال کی دیواروں پر مختلف رنگوں کو دیکھنے سے ایک نیاماحول دیکھنے کو ملا ہے اورمریض کو منفرد ماحول فراہم ہونے سے بہتر نتایج کی توقع ہے ۔ کشمیر نرسنگ ہوم کے ایک سینئر آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ’’ کینسر مریض اپنی بیماری کی وجہ سے ہمیشہ ذہنی دبائو میں رہتے ہیں اور ان مریضوں میں ذہنی دبائو کم کرنے کی کوشش کے تحت اسپتال کی دیواروں پر مختلف تصاویر بنائی گئی ہیں۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ کینسر مریضوں کو منفر ماحول فراہم کیلئے پہلی بار مصوری کا استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیوار پر بنائی گئی چار تصویریں کشمیر کے چار موسموں کی عکاسی کرتی ہیں جن کو انسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹ کے طلبہ نے بنایا ہے۔ ذہنی امراض کے ماہر ڈاکٹر ارشید حسین کہتے ہیں کہ مصوری ، آرٹ اور صاف و شفاف ماحول فراہم کرنے سے مریض کے ذہن پر مثبت اثر پڑتا ہے اور خوشگوار ماحول سے مریض چند لمحوں کیلئے خوش ہوتے ہیں جو ان میں بہتری کا سبب بنتا ہے۔ واضح رہے کہ بیرون ریاست میں قائم تمام نجی اسپتالوں میں مریضوں کوصاف و شفاف ماحول فراہم کرنے کے علاوہ خوشگوار ماحول فراہم کرنے کیلئے مصوری کا استعمال کیا جاتا ہے۔