سرینگر//جنگلات و ماحولیا ت کے وزیر چودھری لال سنگھ نے گلمرگ میںشجرکاری مہم کی شروعات کی جس کی رو سے گلمرگ میں تین لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔اس مہم کا آغاز محکمہ جنگلات ، جے اینڈکے ہوٹیلز کلب اور گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے جموں وکشمیر پولیس، جے اینڈ کے ٹورازم ، جے اینڈ کے کیبل کار کارپوریشن اور گلمر گ میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے کیا ہے ۔اس موقع پر ایم ایل اے گلمرگ محمد عباس وانی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔چودھری لال سنگھ نے مختلف مقامات پر پودے لگا کر کہا کہ یہ موسم گلمرگ میں پودے لگانے کے لئے نہایت ہی موزون ہے ۔وزیر نے کہا کہ رواں سرما کے دوران گلمرگ میں تین لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور اس میں زیادہ تر کانیفر پودے لگانے کی طرف توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ گلمرگ کی جاذبیت میں مزید اضافہ کیا جاسکے ۔انہوںنے جنگلات محکمہ کوہدایت دی کہ وہ تیار کئے جانے والے ہر ایک بینر پر ان پوشہ تیلہ ییلہ ون پوشہ کا نعرہ درج کریں۔لال سنگھ نے روزمرہ کی زندگی میں پیڑ پودوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ماحولیات کو تحفظ دینے کے لئے لوگوں کو آگے آنا چاہئے۔