جموں//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ای اسمبلی کے باقی ماندہ کام کو تیزی سے مکمل کریں ۔ سپیکر نے ان باتوں کا اظہار ای اسمبلی پروجیکٹ کا جائیزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سمیٹنگ میں سیکرٹری آئی ٹی سوگات بسواس ، سیکرٹری لاء و پارلیمانی امور عبدالمجید بٹ ، سیکرٹری اسمبلی ایم آر سنگھ کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ اس موقعے پر سپیکر نے کہا کہ اس پروجیکٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اسمبلی کی کاروائی میں کمپیوٹرائیزیشن ہو سکے ۔ سپیکر کو اس موقعے پر جانکاری دی گئی کہ اسمبلی کے آئیندہ اجلاس کے دوران ای اسمبلی پروجیکٹ کو تجرباتی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا ۔ جس کے تحت پہلے ہی تمام ارکان قانون سازیہ ، انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر افسروں میں آئی پیڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں تا کہ سوالات کے جوابات ڈیجٹل فارمیٹ میں دستیاب ہو سکیں ۔ علاوہ ازیں سپیکر کو جانکاری دی گئی کہ متعلقہ سیکرٹری اسمبلی اجلاس کے دوران سوالات ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں اور اُن کے جوابات ای اسمبلی پر آن لائین نظام کے ذریعے دستیاب کرائے جا سکیں گے ۔ سپیکر نے متعلقہ محکمے کے کام کاج کی تعریف کی اور کہا کہ پروجیکٹ کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ واضح رہے کہ سپیکر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تندہی اور لگن سے کام کریں ۔