جموں//کمشنر سیکریٹری محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج مس نرمل شرما (آئی اے ایس )کی صدارت پنچایت بھون جموں میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران سوئوچھ بھارت مشن کے تحت اہداف اور حصولیابیوں کاجائزہ لیاگیا ۔میٹنگ میں ڈائریکٹر رورل سینیٹیشن محمد نذیر شیخ (کے اے ایس )، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ سید شبیر شفیع ، ضلع پنچایت افسران ، بلاک ڈیولپمنٹ افسران و صوبہ جموں کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر کمشنر سیکریٹری کوصوبہ جموں میں انفرادی بیت الخلائوں کی تعمیر کے بارے میں بتایاگیااور موصوفہ نے متعدد اضلاع کو گندگی سے پاک قرا ردینے کیلئے ڈیڈ لائن بھی مقرر کی ۔مس شرما نے ہر ایک ضلع اوربلاک میں اوڈی ایف (اوپن ڈیفیکشن فری ) کے اہداف کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ مقرر ہ مدت کے اندر اندر طے شدہ اہداف حاصل کریں ۔ ان کاکہناتھا’’اپنے متعلقہ ضلع اور بلاک کو او ڈی ایف ڈکلیئرکرنے کو ایک چیلنج کے طور پر لیں ‘‘۔انہوںنے کہاکہ جو بلاک اہداف کو مقررہ مدت میں حاصل کریںگے ، ان کو اعزاز سے نوازاجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ عام لوگوں کو بیت الخلاء تعمیر کرنے کے بارے میں بیدار کیاجائے اور دیہی علاقوں میں صاف و شفاف ماحول فراہم ہو۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر میں تین اضلاع سرینگر ، لیہہ اور کرگل کو او ڈی ایف قرار دیاجاچکاہے ۔