سرینگر//پی ڈی پی کے ضلع صدر اور قانون ساز کونسل کے ممبرمحمد خورشید عالم نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے پتھرائو میں ملوث نوجوانوں کے خلاف درج کیسوں کو واپس لینے کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 4327نوجوانوں کے خلاف کیسوں کو واپس لینے سے یہ بات ثابت ہوئی کی پی ڈی پی ہمیشہ نتائج پر مبنی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا یہ فیصلہ و ادی میں امن و استحکام اور نوجوانوں کو اپنے مستقبل کی تعمیر کے لئے نئے مواقع فراہم کرے گا ۔خورشید عالم نے کہا کہ یہ حقیقت یہ ہے کہ وزیر اعلی نے ان نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ رکھنے کے لئے ایک تاریخی قدم اٹھایا ۔انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کے والدین کو عدالتوں میں جاکر کافی وقت گذارنا پڑتا تھا اور اب انہیں بھی راحت مل گئی ۔انہوں نے نوجوانوں سے تلقین کی کہ وہ اپنامستقبل سنوارنے کی کوشش کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ ریاستی حکومت کو مضبوط بنانے کے لئے کوشش کرے گا اور اس نے جمہوریت کے لئے بڑی فتح حاصل کی ہے۔