جموں//عیدمیلادالنبیؐ کی مناسبت سے جموں شہراوراس کے گردونواح میں جلوسِ محمدیؐ اورمحافل ِمیلادؐ کااہتمام کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق اس دوران ریاست کے سرمائی دارالخلافہ جموںمیں جلوسوں کے علاوہ مساجد اورعیدگاہوں میں درود سلام کی محافل اورسیرت النبیؐ کانفرنسوںکا اہتمام بھی کیاگیا جن میں علماء کرام نے نبی کریمؐ کی حیاتِ مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔جلوسوں میںکثیرتعدادمیں عاشقان رسول اورفرزندان توحیدنے حصہ لیا۔ شہرکے مختلف مقامات سے نکالے گئے عیدمیلادالنبی ؐ کے جلوسوں کے دوران عاشقان رسول نے سلام اے آمنہ کے لال۔ اے محبوب سبحانی ۔یارسول اللہ ،اللہ اکبرکے نعرے بلندکرکے فضائوں کومعطرکیا
جامع مسجدپُل توی
اس سلسلے میں اہم جلوس جموں شہرکے وسط میں واقع جامع مسجدلکھداتابازارسے برآمدہواجوڈی سی آفس روڈ،گوجرنگرسے ہوتاہواپل توی جامع مسجدپہنچ کراختتام پذیرہواجہاںاراکین انتظامیہ کمیٹی جامع مسجدشریف دارالعلوم قادریہ رضویہ پُل توی جموں کے زیراہتمام محفل ِ میلادمنعقدہوئی جس میں ہندوستان کے معروف اسلامی اسکالر مفتی قمرالزماں مصباحی مقررخصوصی تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں 12 ربیع الاول یعنی سرکاردوعالم حضرت محمدؐ کی پیدائش کے دن کو انسانی تاریخ کاعظیم دن قراردیا۔مفتی قمرالزمان مصباحی نے کہاکہ حضورؐ کی پیدائش سے اُس وقت دُنیاپرچھائے ہوئے اندھیرے اورگمراہی سے نجات کاراستہ استوارہوا۔انہوں نے کہاکہ دورحاضرمیں امُت مسلمہ کی دین سے دوری مسائل کاموجب ہے ۔انہوں نے مسلمانوں سے اللہ اوراسکے رسول ؐکے بتائے ہوئے راستے پرعمل پیراہونے پرزوردیا۔ اس موقعہ پر مفتی محمدرفیق ،مولانا مظہرحسین مصباحی امام وخطیب جامع مسجدلکھداتاوغیرہ نے شرکاء کوسیرت النبی ؐ کے مختلف گوشوں سے روشناس کراتے ہوئے کہاکہ آپؐ کی تعلیمات پرعمل پیراہوکرہی اپنی دنیاوآخرت سنوارسکتاہے۔اس موقعہ پرشکیل احمدمینائی (لکھنؤ) نے نعت ومنقبت سے گلہائے عقیدت پیش کئے۔اس دوران منتظمین ایڈوکیٹ حاجی عبدالمجید،سیدطارق حسین،قاری علی اکبرمہتمم جامعہ غوثیہ رانجن ودیگران بھی موجودتھے۔
عیدگاہ رمضان پورہ
اس سلسلے میں دیگر جلوس جامع مسجد سروال چوک سے نکالاگیاجو ٹالی موڑ ، نیوپلاٹ ، ہائی کورٹ روڈ، حیدرپورہ ، مین چوک جانی پورسے ہوتے ہوئے عیدگاہ رمضان پورہ پہنچ کر اختتام پذیرہواجہاں مفتی محمداسلم رضامصباحی،سیدمظہرحسین شاہ مصباحی ، مولاناریاض الحق ،مفتی محمداشرف مصباحی ، مولاناصابرحسین وغیرہ نے میلادالنبیؐ کی اہمیت کوبیان فرمایا۔اس موقعہ پرعلماء کرام نے فلسفہ عیدمیلادالنبی ؐپرتفصیلی خیالات کااظہارکرتے ہوئے آنحضورؐ کی ولاد ت باسعادت کو پورے عالم کیلئے باعث رحمت قراردیا۔اس دوران مجلسِ میلادؐکااختتام پیرمحمدیوسف ملنگامی کی دُعاسے ہوا۔قبل ازیں ایک جلوس جامع مسجدبن تالاب سے مفتی محمداشرف کی قیادت میں برآمد ہواجوچنور،روپ نگرسے ہوتاہواعیدگاہ رمضان پورہ پہنچ کر اختتام پذیرہوا۔
عیدگاہ سدھرا
ایک دیگرجلوس میلادؐجامع مسجد سدھراسے برآمدہواجو سدھراچوک سے ہوتاہواعیدگاہ سدھڑاپہنچ کراختتام پذیرہوا جہاں عیدمیلادالنبی ؐ کانفرنس سے مولاناعبدالغنی اظہری، مولانالیاقت علی نعیمی،مفتی محمداقبال مصباحی ودیگرجیدعلماء کرام نے خطاب کیا۔ اس دوران علماء کرام نے کہاکہ اللہ اوراس کے پیارے محبوب ،سرکاردوعالم کے بتائے ہوئے راستے پرعمل پیراہوکرہی مسلمان فلاح پاسکتے ہیں۔ اس دوران علماء کرام نے آنحضورحضرت محمدؐ کی حیات مبارکہ کے مختلف گوشوں پرروشنی ڈالتے ہوئے سرکاردوعالم کی سیرت پرعمل کو دنیاوآخرت کی کامیابی کاذریعہ قراردیا۔
ٹھٹھرکھیری بن تالاب
جموں//عیدمیلادالنبی ؐ کی مناسبت سے شہرکے نواحی علاقہ ٹھٹھر کھیری بن تالاب میں جلوس برآمدہوا جس میں کثیرتعدادمیں فرزندان توحیدوعاشقانِ رسول ؐ نے شرکت کی۔ جلوس ہذا کی قیادت مفتی اشرف مصباحی کررہے تھے۔جلوس جامع مسجد ٹھٹھرسے شروع ہو کر بن تالاب چنور روپ نگر سے ہوتے ہوئے پلو ڑا پہنچااورعیدگاہ رمضان پورہ میں منعقدہ مجلس میلادؐ میں ضم ہوگیا۔اس دوران جلوس میں مولانا محمد الطاف امام جامع مسجد ٹھٹھر مولانا محمد اشرف حافظ کمال الدین،مولاناعلی اکبر،مولانا طالب حسین، مولانا عبدالقیوم ،ماسٹر محمدایوب ،پٹواری انورحسین، ماسٹر ستار، نور محمد ،قاری طالب ،الطاف رضا ودیگران بھی شامل تھے۔
جگٹی ٹانڈہ
علاوہ ازیں ضلع جموں کی تحصیل نگروٹہ کے جگٹی ٹانڈہ کی مدینہ مسجد میں حسب روائت جشن عید میلاد النبی ؐمنایا گیابعدازاں مسجد پر اسلامی جھنڈا لہرانے کے بعد ایک جلوس جموں سروال کی ریلی میں شامل ہونے کے لیے روانہ ہو گیا۔واضح رہے کہ یکم ربیع الاول سے ہی مساجداوردیگرمقامات پرنعت خوانی اورعیدمیلادالنبی ؐ کی مجالس کے انعقادکاسلسلہ شروع ہوجاتا ہے جن میں علماء کرام نے آنحضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت ،آپ کی ذات مبارکہ اورسیرت طیبہ کے مختلف پہلوئوں پرروشنی ڈالتے ہیں۔اسی طرح ثناء خوان اورنعت خوان رسول آنحضرت ؐکی شان اقدس میں نعتیہ گلہائے عقیدت پیش کرتے ہیں۔