سرینگر//محکمہ ٹریفک نے مسافر گاڑیوں کے مالکان کیلئے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کیلئے رکھی گئی مخصوص سیٹوںپر بیٹھنے کا حق مستورات کو ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کا جرمانہ کیاجائیگا۔ محکمہ ٹریفک سرینگر نے سنیچر کو ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے پرمٹ ہولڈروں سے کہا ہے کہ وہ خواتین کیلئے مخصوص رکھی گئیں سیٹوں پر انہیں بیٹھنے کا حق دیں ۔ایڈوائزری میں کہا گیا کہ اگر خواتین مسافر گاڑیوں میں سفر نہیں کر رہی ہوں تو اُس کے بعد ہی مرد مسافر اُن سیٹوں کا استعمال کر سکتے ہیں اور اگر کسی بھی سٹیشن پر کوئی خاتون اس گاڑی کا استعمال کرے تو مرد مسافروں کو فوراًسیٹوں کو خالی کرنا ہے۔محکمہ ٹریفک کے مطابق ان شرائط پر اگر کوئی پرمٹ ہولڈر عمل درآمد نہیں کرے گا تو اُس کے خلاف ایم وی ایکٹ کے تحت کارروائی کے علاوہ جرمانہ بھی لیا جائے گا ۔ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 3جون 2016کے دوران اجراء کئے گے سرکاری آڈر نمبر 75ٹی سی ایکٹ کے تحت اُس کا روٹ پرمٹ کو منسوح اور معطل کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ محکمہ ٹریفک نے کئی برسوں بعد اس طرح کی کوئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خواتین کو راحت دینے کا فیصلہ لیا ہے ۔ کچھ برس قبل محکمہ ٹریفک نے خواتین کیلئے مسافر گاڑیوں میں 8سیٹوں مخصوص رکھنے کا فیصلہ لیا تھا اور اس سلسلے میں تمام گاڑیوں میں ڈرائیور سیٹ کے پیچھے ایک پوسٹر بھی چسپان کیا تھا جس پر لکھا گیا تھا کہ پہلی 8سیٹیں خواتین کیلئے مخصوص ہیں تاہم اس پر کوئی بھی عمل درآمد نہیں کیا گیا اور خواتین کو مسافر گاڑیوں میں میں دھکے کھانے پر مجبور ہونا پڑتا تھا ۔