نئی دہلی//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے مرکزی وزارت دفاع ، ڈیفنس اسٹیٹ اور فوج کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ ملاقات کی اور اُن کے ساتھ مختلف اضلاع کے حالیہ دوروں کے دوران سول انتظامیہ کی طرف سے ابھارے گئے اراضی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ چیف سیکرٹری نے اراضی سے جُڑے التوا میں پڑے معاملات کو معیاد بند مدت کے اندر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا ہم انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں مقامی لوگوں ، سول انتظامیہ اور فوج کی ضروریات کو مدِ نظر رکھا جانا چاہیے ۔ چیف سیکرٹری نے خاص طور سے کرگل میں تھمبا تھانگ اور کھربا تھانگ ، سرینگر میں ٹٹو گراؤنڈ ، اننت ناگ میں ہائے گراؤنڈ اور لیہہ کے کچھ علاقوں کا ذکر کیا ۔ یہ مقامات عوامی نوعیت کے بنیادی ڈھانچے قایم کرنے کیلئے سول انتظامیہ کو درکار ہیں ۔ بی بی ویاس نے ریاست میں فوج کی تحویل میں اراضی کے کرائے پر نظر ثانی کرانے کا معاملہ بھی وزرات کے افسروں کے ساتھ اٹھایا ۔ انہوں نے ریاست کے مختلف حصوں میں فائرنگ رینج سے متاثرہ آبادی کے حق میں معاوضے کی شرحوں کو بڑھانے کا معاملہ بھی اجاگر کیا اور کہا کہ اس طرح کے اکثر دیہات میں لوگوں کا روز گار اراضی کے چھوٹے ٹکڑوں پر ہی منحصر ہے ۔ چیف سیکرٹری نے ائیر فورس کی طرف سے شہریوں کو ائیر لفٹ کرنے کی سہولت اُن علاقوں تک بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا جو موسمِ سرما کے دوران برفباری یا دیگر ناگہانی آفات کی وجہ سے کٹ کر رہ جاتے ہیں ۔ وزارت دفاع کے افسروں نے چیف سیکرٹری کو یقین دلایا کہ اُن کی طرف سے ابھارے گئے معاملات پر ترجیح بنیادوں پر غور کیا جائے گا ۔