نئی دہلی/ دہلی کی آلودگی سے پریشان سری لنکا کی ٹیم کے کپتان دنیش چانڈی مل ہندستان کے خلاف تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن پیر کی صبح انہیلر کا استعمال کرتے نظر آئے ۔ سری لنکا کے کھلاڑیوں نے میچ کے دوسرے دن آلودگی کی وجہ سے تین چار مرتبہ کھیل کو رکوایا تھا اور اس کے سات۔ آٹھ کھلاڑی میدان پر ماسک پہن کر اترے تھے ۔ان کی ٹیم کے کوچ نک پوٹھاس نے دوسرے دن کھیل کے اختتام کے بعد کہا تھا کہ ان کے تیز گیند باز لاہیرو گماگے اور سرنگا لکمل الٹیاں کررہے تھے اور ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں کی صحت کو لے کر کوئی خطرہ نہیں اٹھا سکتی ۔ میچ کے تیسرے دن صبح 52 ویں اوور میں چانڈی مل کو کچھ پریشانی محسوس ہوئی ۔ اس کے بعدمیدان پر ان کے لئے انہیلر لے جایا گیا ۔ ڈریسنگ روم میں میں بھی سری لنکا کے کھلاڑی ماسک پہن کر بیٹھے ہوئے تھے ۔یو این آئی