سرینگر/ /لالچوک میںگھنٹہ گھر کے نزدیک پولیس نے ترنگا لہرانے کی کوشش میںشیو سینا اور بجرنگ دل کے کارکنوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا۔شیو سینا کا 9رکنی گروپ بدھ کی علی الصبح ریگل چوک میں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا ہیڈکوارٹرس کے باہر نمودار ہوا اور شیو سینا زندہ باد، ہندوستان زندہ باد، بھارت ماتا کی جے اوروندے ماترم کے نعرے لگاتے ہوئے تاریخی لال چوک پہنچ گیا۔ شیو سینا کے کارکنوں نے ترنگا لہرانے کی کوشش صبح سویرے اس وقت کی جب اس تجارتی مرکز میں کسی دوکاندار نے اپنی دکان کھولی تھی نہ عام شہریوں کی کوئی نقل وحرکت نظر آرہی تھی۔ نقص امن کے خدشے کے پیش نظر 9شیو سینا کارکنوں کو ترنگا لہرانے سے قبل ہی گھنٹہ گھر کے بالکل نزدیک حفاظتی تحویل میں لیا گیا۔ خیال رہے کہ شیو سینا جموں یونٹ نے اعلان کر رکھا تھا کہ پارٹی سے وابستہ کارکن تاریخی لال چوک جاکر وہاں ترنگا لہرائیں گے۔ شیو سینا نے لال چوک میں ترنگا لہرانے کا فیصلہ نیشنل کانفرنس صدر کے بیان کہ اس پارکشمیر پر ہاتھ ڈالنے سے قبل لال چوک میں ترنگا لہراکر دکھاؤ‘ کو چیلنج کے طور پر لیتے ہوئے لیا تھا۔