جموں //وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے محکمہ سیاحت اور اس سے منسلک ایجنسیوں کو مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحتی سہولیات کو ترقی دینے کے دوران ملحقہ علاقوں اور مقامی آبادی کے ترقی پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی ۔یوسمرگ ، ولر ، مانسبل اور لولاب ، بنگس اور درنگیاری ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سیاحتی مقامات پر کم سے کم سیمنٹ کے ڈھانچے تعمیر کرنے کی ہدایت دی اور ہر سیاحتی منزل کو اس کی خصوصیت کو ملحوظ نظر رکھ کر ہی ترقی دینے کی ہدایت دی ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ان مقامات پر بنیادی ڈھانچہ ، مقامی ثقافت اور فنی تعمیرکی طرز پر ہی تعمیر کرنے کے لئے کہا ۔انہوں نے سیاحتی مقامات سے ناجائز قبضہ جات ہٹانے کی بھی ہدایت دی اور ان مقامات پر آلودگی پر قابو پانے کے لئے راست اقدامات اٹھانے کے لئے کہا۔ انہوںنے ان مقامات پر پلگرم سیاحت کو فروغ دینے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔بنگس کو عالمی سطح کی سیاحتی منزل قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے وادی کے قدرتی جمالیاتی اپیل کو برقراررکھنے کی ہدایت دی جس کے لئے انہوںنے علاقے میں کسی بڑے ترقیاتی پروجیکٹ کو شروع کر نے سے قبل معروف کنسلٹنسی کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے حضرت مولانا انور شاہ کشمیریؒ کے آبائی مکان کو ہیرٹیج مکان کے طور پر محفوظ کرنے کی ہدایت دی اور ترہگام میں چشمہ کے تحفظ کیلئے پروجیکٹ پیش کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے سیاحتی مقام پر تعمیر کئے گئے تمام اثاثے بہتر دیکھ ریکھ رکے لئے محکمہ سیاحت کی تحویل دینے کی بھی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے مانسبل میں آبی کھیلو ں کو ترقی دینے اور جھیل پر تقریبات کا انعقا د کرنے کی ہدایت دی تاکہ سیاحوں کو جھیل کی سیاحت کی جانب راغب کی جاسکے ۔انہوں نے تمام ملحقہ 16چشموں کی مکمل بحالی اور سیاحتی مقام پر سائیکل ٹریک تعمیر کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس سیاحتی مقام مہم جو سیاحت کے شائقین کے لئے دلچسپی کا مرکز بنایا جاسکے ۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ سیاحت کو یوسمر گ کے نزدیک واقع نیل ناگ کی سیاحتی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور وہاں سہولیات قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ یہ سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بن سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بڈگام میں سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کیلئے چرار شریف کو پلگرم سیاحت منزل کے طور پر ترقی دینے کے لئے ایک علاحدہ پروجیکٹ کے تحت کام شروع کیا جارہا ہے۔