سرینگر//دختران ملت نے نہتے شہریوں پر حملہ کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کی مذمت کی ہے۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ فورسزنے اس علاقے میں کہرام مچا رکھا ہے اور احتجاج کرنے والوں کو گولیوں اور پیلٹ کا نشانہ بنایا۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ کشمیر میں جتنا ظلم بڑے گا، اس کے خلاف مزاحمت بھی اتنی ہی مضبوط ہوجائے گی۔ انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔پیپلز فریڈم لیگ نے حاجن میں فورسز کی طرف سے عام لوگوں پرمظالم ڈھانے کی مذمت کی ہے۔ لیگ ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ فورسز نے لوگوں کے گھروں میں گھس کر مکینوں کا زد کوب کیا ، بزرگ اور خواتین حتیٰ کہ بچوں کو بھی پیٹا گیا اور گھریلو سامان تہس نہس کیا گیا،جو قابل مذمت ہے ۔تحریک مزاحمت نے جے وی سی ہسپتال جا کر حاجن میں فوج کی فائرنگ سے زخمی نوجوان نعیم احمد ڈار کی عیادت کی۔بیان کے مطابق تنظیم کے جنرل سیکریٹری محمد سلیم زرگر کی قیادت میںایک وفد نے نعیم کی خبرگیری کی۔انہوں نے کہا کہ نعیم کی دونوں ٹانگوں پر گولیاں لگی ہیںجبکہ نعیم کادوسرا بھائی اشفاق احمد گزشتہ ایک ماہ سے سنگبازی کے الزام میں پولیس حراست میں ہے۔زرگر نے کہا کہ بھارت کے ارباب اقتدار کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کچلا نہیں جا سکتا۔