سرینگر// وادی بھر میںآج عید میلادالنبی ؐکی اختتامی تقریبات تزک واحتشام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔اس سلسلے میں آثار شریف درگاہ میں سب سے بڑی تقریب منعقد ہوگی جہاں بھاری تعداد میںمسلمان نماز جمعہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ نماز پنجگانہ پر موئے مقدس آنحضورؐ کے دیدار سے فیضیاب ہوں گے ۔وادی کے مختلف قصبوں اور دیہات میں نماز جمعہ کے موقعوںپر بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہو ں گے۔ صوبائی نتظامیہ ،ٹریفک پولیس اور وقف بورڈ کیساتھ ساتھ کئی سرکاری محکموں اور نجی اداروں و تنظیموں نے بھی زائرین کو سہولیات بہم رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے حضرتبل پہنچنے والی اور وہاں سے واپس روانہ ہونے والی گاڑیوں کیلئے روٹ پلان پہلے ہی مرتب کیا ہے جبکہ زائرین کو درگاہ شریف حضرت بل تک لانے اورلے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔اختتامی تقریبات کے سلسلے میں جمعرات اورجمعہ کی درمیانی شب کودرگاہ شریف حضرت بل میں شب خوانی میں شرکت کرنے کی غرض سے وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہزاروں عقیدت مند دوپہر کے بعد ہی وہاں پہنچنا شروع ہوگئے ۔ مسلم وقف بورڈ کے مطابق کل جمعہ آثار شریف درگاہ حضرت بل میںہر نماز کے بعد موئے مقدس کی جلوہ نمائی کرائی جائے گی ۔نماز جمعہ ٹھیک اڑھائی بجے 2.30ادا کی جائے گی جبکہ نماز فجر6.40،نماز عصر4.00،نماز مغرب،5.30،نماز عشا7.05ادا ہوگی۔جناب صاحب آنچار صورہ،آثار شریف شہری کلاشپورہ،آثار شریف کعبہ مرگ،آثار شریف مکہامہ بیروہ اوراہم شریف بانڈی پورہ میں ابھی اختتامی تقریب جمعتہ المبارک پر نماز پنجگانہ پر موئیے مقدسؐ اوردیگر تبرکات کی زیارت کرائی جائے گی اورنماز جمعہ سے قبل وعظ وتبلیغ کی مجالس آراستہ ہوں گی۔
جامع مسجد سرینگر میں مجلس رحمت اللعالمینؐ
سرینگر//سیکریٹری انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کی اطلاع کے مطابق ولادت باسعادت نبی رحمت آنحضرت ﷺ کی مناسبت سے آج مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل دن کے 11:30سے ایک خصوصی مجلس رحمت اللعالمین ﷺ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں صدر اوقاف میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کے علاوہ وادی کے سرکردہ نعت خواں بارگاہ نبوی ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔مسلمانوں سے قبل از وقت مرکزی جامع مسجد سرینگر کے اس بابرکت اجتماع میں شرکت کی استدعا کی گئی ہے۔