گندو// سب ضلع گندو بھلیسہ میں محکمہ دیہی ترقی بلاک چنگا کے خلاف سابقہ سرپنچ جے پال کی قیادت میں احتجاج کیا اور محکمہ و ملازمین کے خلاف نعرہ بازی کی، مظاہرین نے کہا کہ بلاک چنگا کے تعمیری کام اطمینان بخش نہیں ہو رہے ہیں، محکمہ کی جانب سے ایم جی نریگا کے تحت ہو رہے کاموں کی اجرات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاب کارڈوں میں 2016/17 کے میٹریل کا پیسہ نہیں ڈالا جا رہاہے ۔ جن جاب کارڈ ہو لڈروں نے کام کیا تھا اُن کو ابھی تک کوئی رقم ادا نہیں کی گئی ہے جس سے مجبور ہو کرانہیں احتجاج کا راستہ اپنانا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی محلوں میں کام کیا ہی نہیں گیا ہے، سڑک جوں کی توں ہے گندگی ہی گندگی ہے اور سڑکیں و نالیاں خستہ حال ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ کے ملازمین نے کئی فرصی جاب کارڈ بنائے ہیں ،کچھ ایسے جاب کارڈ بھی بنائے ہوئے ہیں جو جموں یا کسی دوسری جگہ مقیم ہیں ۔احتجاج میں شامل مقامی لوگ نے مرکزی و ریاستی سرکار سے مطالبہ کیا کہ بلاک چنگا میںتعمیری کاموں کی جانچ کی جائے۔ ایم جی نریگا سکیم جو مزدور طبقہ کے لوگوں کے لئے مرکزی سرکار کی طرف سے شروع کی گئی تھی اُن کو ان کا حق ملے یہ سکیم غریب عوام کے لئے تھی نہ کہ محکمہ کے ملازمین کے لئے۔ مظاہرین نے واجبات کی ادائیگی کیلئے ریاستی وزیر اعلیٰ سے بھی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے ۔