سرینگر//بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے مسلسل انکار کو حقوق کی سب سے بڑی پامالی قرار دیتے ہوئے فریڈم پارٹی نے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے جنوبی قصبہ اننت ناگ (اسلام آباد ) میں ایک پر امن احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا جس کی قیادت پارٹی کے سینئر لیڈر ایڈوکیٹ فیاض احمد سوداگر کررہے تھے۔مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینر اٹھارکھے تھے اور اُنہوں نے اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں بشمول علیل شبیر احمد شاہ کی فوری رہائی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔پارٹی سے وابستہ ذمہ داروں نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب پوری دنیا حقوق کا دن منارہی ہے،یہاں والدین اپنے بچوں کو پولیس تھانوں اور جیلوںسے چھڑانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وردی پوش اہلکاروں نے سر زمین کشمیر کو جہنم زار بنا رکھا ہے۔انہوں نے حقوق کے عالمی اداروں پرزور دیا کہ وہ کشمیر کے طول و عرض میں بے جا گرفتاریوں، بے نام قبروں کی موجودگی، شہریوں کولاپتہ کئے جانے، خواتین کیخلاف جنسی زیادتیوں اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں دیگر پامالیوں سے متعلق جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا سنجیدہ نوٹس لیکر اس بات کو یقینی بنائیں کہ آج کے دن محض تقاریب کا اہتمام نہ ہو بلکہ زمینی سطح پر ایسے اقدامات کئے جائیں جن سے متاثرہ لوگوں کو کچھ راحت نصیب ہو اور کشمیر میں جاری خون خرابے کو ہمیشہ کیلئے روکا جاسکے ۔