کنگن / /اپر سندھ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ دوم سمبل گنڈ میں بجلی کی پیداوار 22.6میگاواٹ سے گھٹ کر اب صرف 11.3میگاواٹ رہ گئی ہے ۔ 1973-74میں تعمیرکئے گئے 22.6میگاواٹ اپر سندھ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ دوم سمبل گنڈ میں بجلی صلاحیت اب گھٹ کر صرف 11.3میگاواٹ رہ گئی ہے ۔محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ اگر چہ پاور ہاوس کی دو مشین خراب ہوگئی تھیں جن میں سے ایک مشین کو چھ ماہ قبل مرمت کرکے دوبارہ نصب کیا گیا تاہم ایک مشین کی مرمت کرنی باقی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے ۔ محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ مسلسل موسم خشک رہنے کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی سطح کم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے پاور ہاوس سے اب کم بجلی پیدا ہوتی ہے ۔ادھر عوامی حلقوں کا کہنا پاور ہاوس کی نہر کے لئے اگر چہ تحصیل گنڈ سے منسلک کئی دیہات کے لوگوں نے اس وقت محکمہ کو سستے داموں پر اراضی فراہم کی تھی تاکہ ان علاقوں کے لوگوں کو اسی پروجیکٹ سے بجلی فراہم ہواوران علاقوں کو تیس سال سے زائد کے عرصے تک بجلی فراہم کی گئی لیکن بعد میں نا معلوم وجوہات کی بنا پر ان علاقوں کو اس پاور پروجیکٹ سے برقی رو منقطع کردی گئی ۔مقامی لوگوں نے موجود ہ مخلوط حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل گنڈ کے ان علاقوں کو دوبارہ اسی پاور پروجیکٹ سے برقی رو فراہم کی جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔