سرینگر// سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے براہ راست بنگلور،چنئی،کولکتہ اور کولالمپورہ تک شام کے وقت ہوائی سروس شروع کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ٹراول ایجنٹس ایسو سی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ اس سے ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق صدیق بیگ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیاحت سے تعلق رکھنے والے فریقین کی یہ دیرینہ مانگ تھی،جس کو آخر کار زیرغور لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مثبت اقدامات سے وادی میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا،جو کہ میڈیا کے منفی پرپگنڈہ سے کم ہوا تھا۔اشفاق نے کہا کہ اس قدم سے ریاست کی اقتصادی اور معاشی حالت بھی بہتر ہوگی۔ ان کا کہناہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے کم روشنی کی وجہ سے آئے دن سرینگر میں طیاروں کی آمد کا سلسلہ بند ہوجاتا تھا۔انہوں نے متعلقہ انتظامیہ سے اپیل کی کہ سرینگر بین الاقوامی ہوئی اڈے پر’’آئی ایل ایس‘‘ نظام کو بہتر کیا جائے تاکہ سرینگر آنے اور سرینگر سے جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ٹاک صدر نے کہا کہ موجودہ’’آئی ایل ایس‘‘ نظام فرسودہ ہوچکا ہے،جبکہ موسم سرما کے دوران سرینگر جموں شاہراہ بند ہونے کے بعد بیرون دنیا سے رابطہ صرف ہوائی سفر ہی ایک ذریعہ ہوتا ہے۔