سرینگر//شہر کے مضافاتی علاقہ باغ مہتاب میں بیک وقت تین رہائشی وتجارتی تعمیرات بھیانک آگ کے نتیجے میںجل کر خاکستر ہوئی ۔سنیچر کی صبح11 کے قریب باغ مہتاب علاقے میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی ایک تجارتی کمپلیکس سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے ۔مقامی لوگوں کے مطابق آگ غالباً بجلی شاٹ سرکٹ کی وجہ سے نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پوری عمارت کے اوپری حصے کے ساتھ ساتھ دیگر دو تعمیرات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔رہائشی اور تجارتی مقاصد کیلئے استعمال ہونے والی ان تعمیرات میں دوعمارات دو منزلہ جبکہ ایک تعمیر تین منزلہ ہے اور ان میں متعدد دکانیں اور گودام ہیں۔آگ کے شعلے بلند ہوتے ہی علاقہ میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ گھروں سے باہر آکر آگ بجھانے کی کارروائی میں جٹ گئے ۔اس دوران سرینگر اور بڈگام کے مختلف علاقوںسے فائر بریگیڈ کی متعددگاڑیاں درجنوں اہلکاروں کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئیں اور بچائو کارروائی شروع کی۔ آگ بجھانے کی کارروائی میں کے مختلف اسٹیشنوں سے لائے گئے 8فائر ٹینڈرر اور انجنوں نے حصہ لیااوردوگھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد اگر چہ آگ پر مکمل طور قابو پا لیا گیا لیکن ا س سے قبل ہی ایک کمپلیکس کی اوپری منزل مکمل طور خاکستر ہوئی جبکہ دیگر دو تعمیرات کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ کئی د کانوں اور گوداموںکو پانی کی وجہ سے نقصان پہنچا۔ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ بجلی کی شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے ،تاہم پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔(کے ایم این)