سرینگر//امام الحدیث علامہ انور شاہ ؒ کشمیری کی حیات اور کارناموں پر مشتمل کتاب’’فخر کشمیر علامہ محمد انور شاہ‘‘ کی رسم رونمائی کل ہوٹل اکسا سرینگر میںریٹائرڈ جسٹس حسنین مسعودی نے انجام دی جب کہ اس موقعے پر کلچرل اکیڈمی کے نائب صدر ظفر اقبال منہاس بطور مہمان خصوصی تھے۔ایوان صدارت میں رکن اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید،سابق ڈائریکٹر جنرل دوردرشن رفیق مسعودی،معروف براڈکاسٹر عبدالاحد فرہاد، صاحب کتاب پروفیسر نذیر احمد قادری،سینئر بیروکریٹ محمد شریف اورسعید الرحمان شمس موجود تھے۔سماج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں خصوصاً وکلأ،اساتذہ،صحافیوں،کالم نویسوں اورطلبأ نے شمولیت کی۔صف سامعین میں سابق ڈی آئی جی عاشق بخاری،سابق ڈپٹی ڈائریکٹر سلام الدین بجاڑبھی موجو د تھے۔خطبہ استقبالیہ وی سی لاوڈاڈاکٹر عبدالحفیظ نے پیش کیا ۔انجینئر رشید نے علمائے کرام پر زوردیا ہے کہ وہ پوری امت کے اندر اتحاد و اتفاق کو اپنی منزل بنائیں تاکہ مسلمانوں کے مسائل کا کوئی حل نکل سکے ۔انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ علمائے کرام امت میں اختلاف کے بجائے اتحاد کو اپنا شعار بنائیں اور غیرضروری معاملات کو لیکر مسلمانوں کے اندر تفرقہ بازی سے بچنے میں پہل کریں ۔