سرینگر / /چیف سیکریٹری بی بی ویاس نے کشمیرکے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ موسم کی خرابی کے پیش نظر حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل طور پرتیا ر رہیں تاکہ لوگوں کو رسل و رسائل ، عبور و مرور ، اشیاء ضروریہ کی فراہمی ،طبی سہولیات ، بجلی اور پانی کی دستیابی میں کسی بھی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔پرنسپل سیکرٹری ہوم ، ڈی جی پی ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، ڈی سی سرینگر ، کمشنر ایس ایم سی، ڈائریکٹر سکمز ،ڈائریکٹر ہیلتھ ، پرنسپل جی ایم سی ، ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، ڈائریکٹر ایم ای ٹی ، چیف انجینئر آر اینڈ بی ، پی ایچ ای، ایم ای ڈی ، سپر انٹنڈنٹ انجینئر آئی اینڈ ایف سی و دیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں حصہ لیا۔اس موقعہ پر چیف سیکرٹر ی نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ پہلے سے ہی افرادی قوت اور مشینری کو تیار رکھیں تاکہ خراب موسمی حالات کا بخوبی مقابلہ کیا جاسکے ۔چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ سڑکوں سے برف ہٹانے اور ڈرنیج پمپوں کے ذریعے سڑکوں سے پانی کے نکاس کو یقینی بنانے کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔انہوں نے خاص جگہوں پر برف ہٹانے کی مشینیں پہلے سے ہی پہنچانے کی ہدایت دی ۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ کشمیر صوبہ میں کسی بھی خراب صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے 18کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں ۔چیف سیکرٹری کو بتایاگیا کہ تمام بڑی سڑکوں سے برف ہٹانے کے سلسلے میں کشمیر وادی میں 141مشینیں تیاری کی حالت میں موجود ہیں۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ ایس ایم سی نے افرادی قوت اور مشینری کے علاوہ 6 سکرمشینیں اور ڈی واٹر نگ پمپ تیار رکھے ہیں ۔ لگ بھگ 4000 مزدوروں کو برف ہٹانے کے سلسلے میں تیار رکھا گیا ہے ۔صوبائی و ضلع انتظامیہ کو کہا گیا کہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی اشیاء ضروریہ کی فراہمی میں مشکل پیش نہیں آنی چاہئیں جن میں بجلی اور پانی کی سپلائی ، راشن ، تیل خاکی، رسوئی گیس اور ادویات شامل ہیں۔