سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کشمیر صوبے میں مختلف محکموں کے سربراہاں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران موسم سرما کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹرسید عابد رشید شاہ ،میونسپلٹی ، لوکل باڈیز ، بجلی ،صحت عامہ ، پولیس ، ٹریفک ،صحت ، پی ایم جی ایس وائی محکموں و دیگر متعلقہ افسروں نے حصہ لیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ نے موسم سرما کی بدولت پیدا شدہ صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام انتظامات کئے ہیںجس کیلئے افرادی قوت اور مشینری کو موسم خراب ہونے کی صورت میں سڑکوں سے برف ہٹانے اور جمع شدہ پانی کے نکاس کے لئے پمپ تیار رکھے گئے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ وادی بھر میں کنٹرول روم قائم کرنے اور میڈیا کے ذریعے لوگوں تک ضروری خبر پہنچانے کے علاوہ ہیلپ لائن نمبر دستیاب رکھے گئے ہیں۔میٹنگ میں یہ بھی بتایاگیا کہ میکنیکل ڈیپارٹمنٹ وادی کے 8000کلومیٹر جبکہ آر اینڈ بی محکمہ 7729کلومیٹروں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام انجام دیں گے۔