سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے خوشی پورہ ۔ شریف آباد علاقے کا دورہ کیا اور وہاں فلڈ سپل چینل پر جاری ڈریجنگ کے کام کا جائزہ لیا۔بخاری نے ڈریجنگ کا کام انجام دینے والی ایجنسی پر زور دیا کہ وہ چینل میں ڈریجنگ کے کام میں تیزی لائیں ۔وزیر کو بتایا گیا کہ اب تک دریائے جہلم سے 7لاکھ مکعب میٹر کے نشانے کے مقابلے میں 5.50لاکھ مکعب میٹر سلٹ باہر نکالا گیا ہے ۔اسی طرح بمنہ پل سے ہو کر سر تک فلڈ سپل چینل میں سے 11.5لاکھ مکعب میٹر کے نشانے کے مقابلے میں 6لاکھ مکعب میٹر مٹی نکالی گئی ہے ۔وزیرکو بتایا گیا کہ چینل سے نکالی گئی مٹی کو لگ بھگ 4.5کلومیٹر لمبائی کے فلڈ پروٹیکشن بنڈوں کی تعمیر پر استعمال کیا گیا اور اس کے علاوہ اس مٹی کو بمنہ میں لینڈ ڈیولپمنٹ کے لئے بائی پاس کے دونوں اطراف بچھا یا گیا ۔وزیر کے ہمراہ افسروں نے اس موقعہ پر بتایا کہ شریف آباد میں ڈریجنگ کا کام شد و مد سے جاری ہے جہاں اس وقت 10مٹی نکالنے والی مشینوں کو کام پر لگایا دیا گیا ہے۔وزیر کو مزید بتایا گیا کہ بمنہ سے خوشی پورہ تک فلڈ سپل چینل میں سے مٹی نکالنے کی بدولت چینل کی گنجائش 8000کیوسک سے 30,000تک بڑھ جائے گی۔ وزیر نے چیف انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول کشمیر و دیگر انجینئروں کو ہدایت کہ وہ ہو کر سر ویٹ لینڈ کے آر پار چینل کی تعمیر کا کام شروع کریں۔انہوںنے افسروں کو ہدایت دی کہ خوشی پورہ سے شریف آباد تک ڈریجنگ کے کام میں سرعت لانے کیلئے اضافی جے سی بیز کا استعمال کریں۔وزیر کو پادشاہی باغ سے ولر جھیل تک فلڈ سپل چینل کے تفصیلی منصوبے کے بارے میں بھی مطلع کیا گیا ۔ایم ایل اے بٹہ نور محمد شیخ ، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، ڈپٹی کمشنر سرینگر سید عابد رشید شاہ ، چیف انجینئر آئی اینڈ ایف سی ، کمشنر ایس ایم سی، وی سی ایس ڈی اے و دیگر افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔