سرینگر //مسافر گاڑیوں میں خواتین کیلئے مخصوص سیٹیں دستیاب نہ رکھنے کی پاداش میں محکمہ ٹریفک نے71گاڑیوں سے 14200روپے جرمانہ وصول کیا ہے ۔چند دن قبل محکمہ ٹریفک نے ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جو بھی ڈرائیور ،کنڈیکٹر اور مسافر گاڑی کا مالک خواتین کیلئے رکھی گئی مخصوص سیٹوں کے احکامات پرپر عمل درآمد نہیں کرے گا اُس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق ایڈوائزی جاری ہونے کے بعد محکمہ کے اہلکاروں نے شہر بھر میں اپنی مہم کو تیز کرتے ہوئے ابھی تک خلاف ورزی کرنے والی 71 مسافر گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں سے 14200 روپے کا جرمانہ وصول کیا ہے ۔محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ یہ مہم آگے بھی جاری رہے گی اور احکامات کی خلاف وزری کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی ۔محکمہ کے مطابق مسافر بسوں میں اگرخواتین سفر نہیں کر رہی ہوں تو اس صورت میں مرد مسافر سیٹوں پر بیٹھ سکتے ہیں اگر کوئی خاتون بیچ راستے میں گاڑی میں سوار ہوگی تو مرد مسافروں کو اُسے سیٹ فراہم کرنا ہو گی ۔