موہالی// سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچوں میں 10 ہزاری بننے سے محض 109 رن دور ہیں اور سری لنکا کے خلاف سیریز کے باقی دو میچوں میں وہ یہ کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ 36سالہ دھونی نے ہندستان کے لئے اب تک 310 ون ڈے میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 67نصف سنچریوں اور10سنچریوں کی مدد سے 9891 رنز بنائے ہیں۔دھونی اگر سری لنکا کے خلاف باقی دو ون ڈے میچوں میں 109 رنز اور بنا لیتے ہیں تو وہ ون ڈے میں اپنے 10000 رنز مکمل کر لیں گے اور ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر، سورو گنگولی اور راہل دراوڑ کے بعد ایسا کرنے والے چوتھے ہندستانی بن جائیں گے ۔ انہوں نے دھرم شالہ میں 65 رن کی اننگز کھیلی تھی۔سابق کپتان دھونی چوتھے ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے اس سال ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔دھونی نے اس سال اب تک 781 رنز بنائے ہیں۔ہندستان کو سری لنکا کے خلاف اپنے دوسرے ون ڈے کے کرو یا مرو کے مقابلے میں موہالی میں کھیلنا ہے جہاں دھونی کا ریکارڈ شاندار رہا ہے ۔2011کے ورلڈ کپ فاتح کپتان دھونی ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کے بعد دوسرے ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے موہالی میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔